جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمور صارفین ،اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، امورِ نوجوان و کھیل کوداور ٹرانسپورٹ محکمہ جات ستیش شرما نے آج چھمب حلقہ کے تھانگر۔کچریال پنچایت کے بارڈر ائیریا سموان میں بیوٹیفکیشن اور اِنفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔یہ منصوبہ، جو محکمہ سیاحت کے ذریعے عملایا جا رہا ہے جس کی تخمینہ لاگت 98.60 لاکھ روپے ہے، کا مقصد سرحدی علاقے کو ایک عمدہ ترقی یافتہ عوامی اور تفریحی مقام میں تبدیل کرنا اور مقامی باشندگان اور سیاحوں کے لئے شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اَقدام سرحدی اور دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ جامع اور متوازن ترقی کے تئیں حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ان علاقوں کی ترقی صرف فزیکل اِنفراسٹرکچر تک محدود نہیں بلکہ یہ مقامی کمیونٹی کے لئے اعتماد، وقار اور مواقع کی بحالی کا بھی معاملہ ہے۔اُنہوںنے اِس بات پر روشنی ڈالی کہ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ اس طرح سے تیار کیا گیا ہے کہ علاقے کی حفاظت، رَسائی اور جمالیاتی خوبصورتی کو یقینی بنایا جا سکے۔منصوبے کے دائرہ کار میں حفاظت اور مناسب حد بندی کے لئے چین۔لنک فصیل بندی کرنا، پیور بلاکس کے ذریعے چھ فٹ چوڑی پیدل راہ بنانا اور لوگوںکے اِستعمال کے لئے پانچ گیز بوس اور اعلیٰ معیار کے سٹیل کے بنچوں کے ساتھ آرام اور تفریحی زون تیار کرنا شامل ہے۔ اِس کے علاوہ زمین کی تیاری کے کام بھی شامل ہیں جیسے زمین بھرائی، جنگلی پودوں کی ہٹائی، اور مناسب سطح کی ترتیب تاکہ صاف اور خوش آئند ماحول پیدا کیا جا سکے۔ مزید ،بنیادی صفائی کی سہولیت کے لئے ٹوائلٹ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا اور دو اہم داخلے کے دروازے لگائے جائیں گے تاکہ رسائی کو منظم کیا جا سکے اور سائٹ کی مجموعی ترتیب کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر ستیش شرما نے کہا کہ اس طرح کا اِنفراسٹرکچر نہ صرف سرحدی علاقے کی بصری کشش بڑھائے گا بلکہ مقامی سیاحت کو بھی فروغ دے گا، کمیونٹی کی باہمی شمولیت کو بڑھائے گا اور باشندگان بالخصوص نوجوانوں اورکنبوں کے لئے باوقار عوامی جگہ فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سیاحت محکمہ جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ترقی پر زیادہ توجہ دے رہا ہے تاکہ سیاحت میں تنوع پیدا ہو اور اقتصادی فوائد نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔اُنہوں نے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تمام منصوبے معیار کے اصولوں اور مقررہ وقت کے مطابق مکمل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیاکہ عمل درآمد کے دوران شفافیت، جوابدہی اور کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔اِس موقعہ پر سیاحت محکمہ ، پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) ، ضلع اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، منتخب نمائندگان اور مقامی باشندے موجود تھے۔










