روائتی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی وابستگی کا اعادہ کیا
جموں//وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اور کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور ٹرانسپورٹ مسٹر ستیش شرما نے آج گھراٹل میں دنگل ( روائتی کشتی ) مقابلے میں شرکت کی ۔ جہاں ہماچل پردیش ، چندی گڑھ ، دہلی ، ہریانہ ، پنجاب اور جموں و کشمیر سے مشہور پہلوانوں کی پرجوش شرکت دیکھی گئی ۔ اس مقابلے نے کھیلوں کے شائقین اور مقامی رہائشیوں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف کھینچا ، جس نے گھراٹل کو روائتی کھیلوں کے جوش و خروش کا مرکز بنا دیا ، انعامی تقسیم نے تقریب کی وسعت اور جذبے کی عکاسی کی ، جہاں پہلا انعام 1.51 لاکھ ، دوسرا ایک لاکھ اور تیسرا 50 ہزار روپے تھا ۔ یہ تقریب دنگل کمیٹی گھراٹل کی طرف سے منعقد کی گئی تھی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ستیش شرما نے منتظمین کی تعریف کی کہ انہوں نے روائتی کھیلوں کی بھر پور وراثت کو زندہ رکھا اور علاقے بھر سے پہلوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنگل صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک ثقافتی ورثہ ہے جو نوجوانوں میں نظم و ضبط ، طاقت اور کھیلوں کی روح کو فروغ دیتا ہے ۔ وزیر موصوف نے جموں و کشمیر بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی ترویج اور بلندی کیلئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا جس میں جدید کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ روائتی اور مقامی کھیلوں کی حفاظت اور فروغ پر زور دیا گیا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ایسی تقریبات کی حمایت جاری رکھے گی جو نوجوانوں کی شرکت کو فروغ دیں اور صحت مند کھیلوں کی ثقافت کو پروان چڑھائیں ۔










