ستیش شرما نے گلمرگ میں زبرون لیجنڈ ز سیریز ۔2025 کی اِفتتاحی تقریب میں شرکت کی

ستیش شرما نے گلمرگ میں زبرون لیجنڈ ز سیریز ۔2025 کی اِفتتاحی تقریب میں شرکت کی

جموںو کشمیر میں ایڈونچر سپورٹس کے بڑھتے اِمکانات کواُجاگر کیا

گلمرگ// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجون و کھیل کود ستیش شرما نے گلمرگ میں منعقد ہ زبرون لیجنڈز سیریز۔ 2025 ڈاؤن ہل ماؤنٹین بائیکنگ چمپئن شپ کی اِفتتاحی تقریب میں شرکت کی۔یہ ایونٹ زبرون کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جو کہ جموں و کشمیر میں پہلی بار بین الاقوامی ڈاؤن ہل ماؤنٹین بائیکنگ سیریز کی میزبانی کرتا ہے جس سے یہ خطہ عالمی سطح پر ایڈونچر سپورٹس کے ایک اُبھرتے ہوئے مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے۔ستیش شرما نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اِس اَقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسے جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے کے لئے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ زبرون لیجنڈز سیریز جیسے پروگرام نہ صرف ایڈونچر ٹوراِزم کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو جدید کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دیتے ہیںجس سے روزگار اور شہرت کی نئی راہیں کھلتے ہیں۔اُنہوں نے کہا، ’’یہ چمپئن شپ ہمارے نوجوانوں کے جذبے اور جموں و کشمیر کی لامحدود صلاحیت کی عکاس ہے جو دُنیا بھر کے لئے ایڈونچر اور آؤٹ ڈور سپورٹس کی ایک مثالی منزل بن رہی ہے۔ حکومت ایسے اَقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے اوریونین ٹیریٹری میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُر عزم ہے ۔‘‘
ایونٹ میں عالمی شہرت یافتہ ماؤنٹین بائیکروںنے حصہ لیا جن میں آٹھ مرتبہ کے ورلڈچمپئن سیموئل ہل، عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر موجودمتیج چرویٹ اور ایشیائی چمپئن ڈین چیانگ سمیت کئی بین الاقوامی و قومی کھلاڑی شامل تھے۔ اِن کی موجودگی نے افتتاحی ایڈیشن کو بے پناہ توانائی اور وقار بخشا۔وزیرموصوف نے زبرون فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور شرکت کرنے والے ایتھلیٹس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گلمرگ میں اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اُنہوں نے نوجوان ایڈونچر سپورٹس کے شائقین سے بھی بات چیت کی اور انہیں سائیکلنگ اور دیگر آؤٹ ڈور کھیلوں کو بطورکیرئیر اَپنانے کی ترغیب دی۔اِفتتاحی تقریب کے بعد مقابلہ جاتی ریسوں اور ثقافتی پروگراموں کا اِنعقاد کیا گیا جن میں ایڈونچر اور دوستی کے جذبے کو اُجاگر کیا گیا۔بعد میں گلمرگ کنونشن سینٹر میں ایوارڈ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فاتحین، رنر اَپس اور دیگر شرکأ کووزیر ستیش شرما نے انعامات سے نوازا۔اِس موقعہ پر ایک ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوا جس میں معروف کشمیری گلوکاروں نے اَپنے نغمے پیش کئے۔ زبرون آرگنائزیشن کے بانی سہان شیٹی نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔