فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کی ہدایت دی
جموں//حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائیزہ لینے اور مناسب امداد اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے اپنے دوروں کی سیریز کے تسلسل میں وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ستیش شرما نے آج کھور سب ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول دھار کھور ، چنی داونو ، تھنگر اور بلاک سموان کا تفصیلی دورہ کیا ۔ دورے کے دوران وزیر نے متاثرہ خاندانوں اور مقامی نمائندوں سے بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور دوہرایا کہ بروقت امداد اور بحالی فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ مسٹر ستیش شرما نے خوراک ، سول سپلائیز ، ٹرانسپورٹ ، دیہی ترقی ، پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کو فوری ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ خوراک ، ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیاء کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ، سڑکوں کی رابطہ کاری اور ٹرانسپورٹ کی سہولت کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔ متاثرہ ابادی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔ ہماری اجتماعی توجہ جلد سے جلد معمولات کی بحالی ، عوامی صحت کا تحفظ اور یہ یقینی بنانا ہے کہ متاثرین کو بغیر کسی تاخیر کے مناسب معاوضہ ملے اور اس مشکل وقت میں کوئی خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے ۔ وزیر نے ضلعی انتظامیہ ، فرنٹ لائن ورکرز اور امدادی و بچاؤ آپریشنز میں مصروف رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال معمول پر آنے تک متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں اور موثر ردِ عمل کیلئے بین المحکمانہ قریبی رابطہ کاری پر زور دیا ۔ وزیر کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران تھے ۔










