کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کیلئے عمر عبداللہ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا
سری نگر//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے آج باقاعدہ طور پر کشمیر سپر فٹ بال لیگ۔ 2025 کا اِفتتاح کیا اور ٹورنامنٹ کی ٹرافی اور آفیشل جرسیوں کی نقاب کشائی کی۔یہ پُرجوش تقریب کھیلوں کے شائقین، تجربہ کار کھلاڑیوں، کوچوں اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت کے ساتھ منعقد ہوئی جو جموں و کشمیر کے کھیلوں کے کیلنڈر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ، سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گل، چیف سپورٹس آفیسر انیسا نبی ، سپورٹس کونسل کے سینئر اَفسران ،فٹ بال کے تجربہ کار ، جموںوکشمیر کے لیجنڈز ، کوچوں ، حصہ لینے والی ٹیمیں اور کھیلوں کے شائقین موجود تھے۔اِس موقعہ پر ستیش شرما نے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کھیل ، جموں و کشمیر سپورٹس کونسل اور دیگر شراکت داروں کو جموںوکشمیر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں ان کی انتھک کوششوں کے لئے دلی مُبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے کہا،’’کشمیر ہمیشہ کھیلوں کی صلاحیتوں کا گھر رہا ہے۔ کشمیر سپر لیگ جیسے اَقدامات کو ایک منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں اس ثقافت کو زندہ کرتے اور مناتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔‘‘وزیر موصوف نے کھیلوں کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا، ’’ نوجوانوں کو آج بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے اور کھیل ایک صحت مند اور مثبت متبادل فراہم کرتا ہے جو نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ کردار، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو بھی مضبوط کرتا ہے۔‘‘اُنہوں نے عمر عبداللہ حکومت کی طرف سے سپورٹس بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، دیہی اور سرحدی علاقوں تک کھیلوں کی رسائی کو وسعت دینے اور لیگوں، ٹورنامنٹوں اور گراس روٹ پروگراموںکے ذریعے نوجوانوں کے لئے دیرپامواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر کھیل نے کہا،’’کشمیر سپر لیگ۔ 2025 میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ ٹورنامنٹ جذبے، اتحاد اور صلاحیت کا ایک خوبصورت مظاہرہ ہوگا،‘‘ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ ایونٹ نہ صرف تفریح فراہم کرے گا بلکہ وادی کے ایک نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے دور کا آغاز بھی کرے گا۔کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کی سرگرمیاں نوجوان کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں جہاں وہ اَپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں اور اہم تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔اِس موقعہ پرسیکرٹری سپورٹس کونسل نے کونسل کی جانب سے جاری مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا اجمالی خاکہ پیش کیا اور کشمیر سپر لیگ کے بارے میں بھی بریف کیا۔ہ تقریب کھیلوں کے شوقین اَفراد، کھلاڑیوں اور نوجوان کلبوں کی بھرپور شرکت کے ساتھ منعقد ہوئی جو کہ وادی میں فٹ بال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاس ہے۔










