بچوں میں محض کتابی علم کی بجائے اخلاقی اقدار کو فروغ دینے پر زور دیا
اودھمپور//دہلی پبلک سکول اودھمپور نے اپنا سالانہ دن بڑے جوش و خروش اور ثقافتی شان و شوکت کے ساتھ منفرد تھیم ’’Manvantar Manthan The Churning of Yugas ‘‘ پر منایا ۔ اس تقریب میں طلباء کی طرف سے ایک دلفریب ڈانس ڈرامہ پرفارمنس کے ذریعے چاروں یُگوں ستیہ یُگ ، تریتا یُگ ، دواپر یُگ اور کل یُگ کی ایک مسحور کن تصویر کشی کی گئی ۔ اس موقع پر خوراک ، شہری سپلائی اور امور صارفین ، ٹرانسپورٹ ، سائنس و ٹیکنالوجی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور ایری اینڈ ٹریننگ کے وزیر ستیش شرما مہمان خصوصی تھے ۔ پروگرام میں ممبر قانون ساز اسمبلی اودھمپور ویسٹ پون کمار گپتا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ڈی ڈی سی ممبر پورن چند ، ڈی ایس ڈبلیو او کنیکا گپتا ، اشوک شرما ، ڈاکٹر کے سی شرما ، شیام کلسوترا چئیر مین چیمبر آف کامرس اودھمپور کے علاوہ اسکول کے پرو وائس چئیر مین ، اسکول کے ایم ڈی ، اسکول کے ڈائریکٹر اکیڈمکس اور سکول کی پرنسپل نے شرکت کی ۔ سکول کے احاطے میں پہنچنے پر وزیر اور دیگر معززین کا سکول انتظامیہ کمیٹی نے استقبال کیا ۔ پروگرام کا آغاز رسمی طور پر چراغ روشن کے ساتھ ہوا ۔ اس کے بعد طالب علموں کی طرف سے ایک استقبالیہ گیت اور عقیدت بھری سرسوتی وندنا پیش کی گئی ۔ اس سے قبل ڈی پی ایس اودھمپور کے پرنسپل ڈاکٹر کنال آنند نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں تعلیمی ، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں یو ٹی اور قومی سطح پر اسکول کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے متاثر کُن کارکردگی پیش کرنے کیلئے ثقافت ، تاریخ اور تخلیقی صلاحیتوں کے امتزاج میں اسکول کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اس تقریب کے انعقاد پر اسکول کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر نے طلباء میں فنکارانہ صلاحیتوں اور ثقافتی بیداری کو فروغ دینے کیلئے اسکول کی لگن کی تعریف کی ۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کیلئے کوشش کرتے ہوئے اپنی جڑوں سے جُڑے رہیں ۔ انہوں نے مزید چاروں ویدوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور یہ ہماری زندگیوں میں مطابقت رکھتا ہے ۔ انہوں نے طالب علموں کی کارکردگی کی تعریف کی ، ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ستیش شرما نے مجموعی ترقی کیلئے کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کئے گئے ۔ بعد ازاں وزیر نے پلاش اور پرشا میں لڑکوں اور لڑکیوں کے چائلڈ کئیر ہومز کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا معائینہ کیا ۔










