ٹنگمرگ//وزیر برائے امور نوجوان و کھیل ، ٹرانسپورٹ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز مسٹر ستیش شرما نے آج ٹنگمرگ کے دورے کے دوران کئی اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ کنزر کرکٹ گراؤنڈ میں وزیر نے خطے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کے مقصد سے نئے تعمیراتی کاموں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے ٹنگمرگ کے سرائے اور ملحقہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی کاموں کی بنیاد بھی رکھی ۔ وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے گلمرگ فاروق احمد شاہ ، انتظامیہ کے سینئر افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر بھر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیت موجود ہے ۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ وہ اپنی مہارتوں کو نکھاریں اور جموں و کشمیر کیلئے اعزاز حاصل کریں ۔ ‘‘ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ ٹنگمرگ میں جلد ہی ایک انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم قائم کیا جائے گا اور موجودہ گراؤنڈز اور اسپورٹس سہولیات کی اپ گریڈیشن کو مرحلہ وار طور پر شروع کیا جائے گا ۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے رہبرِ کھیل ملازمین کی ریگولرائزیشن کے حوالے سے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ معاملہ حکومت کی فعال غور و خوض میں ہے ۔










