جنرل زوراور سنگھ شہادتی دیوس میں شرکت کی ، ان کی تاریخی خدمات کو اجاگر کیا
جموں//ٹرانسپورٹ سیکٹر کو جموں و کشمیر میں رابطے ، عوامی نقل و حرکت اور معاشی سرگرمیوں کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے وزیر برائے ایف سی ایس اینڈ سی اے ، آئی ٹی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگز مسٹر ستیش شرما نے کہا کہ حکومت یو ٹی بھر میں ایک شفاف ، موثر اور ٹرانسپورٹر دوست نظام قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیر موصوف ٹرانسپورٹ ویلفئیر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے جو جموں و کشمیر دونوں ڈویژنز میں ٹرانسپورٹ برادری کے سامنے درپیش چیلنجز پر غور کرنے کیلئے بلائی گئی میٹنگ میں شریک تھے ۔ میٹنگ میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، آئی جی ٹریفک ، ڈی جی فائنانس محکمہ ٹرانسپورٹ ، ایم ڈی جے کے آر ٹی سی ، ایڈیشنل کمشنر کشمیر ، آر ٹی اوز جموں ، کشمیر اور کٹھوعہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر سینئر افسران اور ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران ایسوسی ایشنز نے ٹرانسپورٹرز کی روزی روٹی اور روز مرہ کے آپریشنز کو متاثر کرنے والے کئی اہم مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا ۔ مسٹر ستیش شرما نے انہیں غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اٹھائے گئے تمام مسائل کو فوری طور پر متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور ان کا جلد حل نکالا جائے گا ۔ دن کے آغاز میں مسٹر ستیش شرما نے ڈوگرا جنگجو جنرل زوراور سنگھ کی شہادت کی تقریب میں شرکت کی جو اپنی غیر معمولی بہادری ، فوجی ذہانت اور تاریخی مہمات کیلئے مشہور ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے جنرل زوراور سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں بھارت کی تاریخ کے عظیم ترین فوجی کمانڈروں میں سے ایک قرار دیا جن کی بہادری کے قصے ہر نسل کیلئے ایک مثال ہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ جنرل زوراور سنگھ کی بے مثال قیادت ، حکمت عملی کی مہارت اور قربانی کا جذبہ جموں و کشمیر کی فوجی تاریخ کا فخر انگیز باب ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ڈوگرا جنرل کی لداخ ، تبت ، بلتستان اور اس سے آگے کی مہمات نے غیر معمولی بہادری اور قوم کے تئیں گہری ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ۔ تقریب میں سابق فوجی ، سول سوسائٹی کے ارکان ، نوجوان گروپ اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔










