سری نگر// وزیر برائے ٹرانسپورٹ،خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین،اَمور نوجوان و کھیل کود اور آئی ٹی ستیش شرما نے ٹرانسپورٹ شعبے کے طویل المدتی مسائل کے حل کے لئے ویسٹرن بس یونین کے نمائندگان کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر نے کی اور وزیرموصوف کو مختلف روٹوں اور اَضلاع میں ٹرانسپورٹروں کو درپیش عملی اور انتظامی چیلنجوںسے آگاہ کیا۔دورانِ بات چیت یونین کے نمائندگان نے کئی اہم مسائل اُٹھائے جن میں پرمٹ کی تجدیدات کا نظام بہتر بنانا، مسافروں کے کرایوں کے ڈھانچے کو معقول بنانے، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی حالت، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کی فلاح و بہبود اور محکمانہ طریقۂ کار کو آسان بنانا شامل ہے۔وزیر نے مسائل کو بغور سنا اور وفد کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں شفاف اور جوابدہ حکمرانی کے ذریعے ٹرانسپورٹ نظام کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ستیش شرما نے عوامی آواجاہی اور اِقتصادی رابطے میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروںکو ترقیاتی عمل میں ضروری شراکت دار سمجھتی ہے۔ اُنہوں نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ ُاٹھائے گئے مسائل پر فوری کارروائی کی جائے اور تمام جائز شکایات کا بروقت حل یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اَفسران کو یونین نمائندگان کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت دی تاکہ غیر ضروری تاخیر یا عمل درآمد کے مسائل دوبارہ پیدا نہ ہوں۔اُنہوںنے عمر عبداللہ حکومت کے ویژن کے تحت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جموں و کشمیر میں ایک زیادہ مؤثر، محفوظ اور شہری دوست پبلک ٹرانسپورٹ نظام قائم کرنے کی کوششوں کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور شفافیت بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل نظام اور جدید ریگولیٹری طریقوں کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ویسٹرن بس یونین کے اراکین نے اَپنے مسائل کے حل میں مداخلت اور فعال انداز میں وزیر ستیش شرما کا شکریہ اَدا کیا اور حکومت کی طرف سے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کی فلاح و بہبودکو ترجیح دینے کی پذیرائی کی۔










