سری نگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات امور صارفین، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ، امورِ نوجوان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے آج عید کے موقعہ پرجموں و کشمیر کے لوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں تمام شہریوں کے لئے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے نیک خواہشات کا اِظہارکر تے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار جموں و کشمیر کے ہر گھر میں بے پناہ خوشی، خوشحالی اور برکات کی نوید لے کر آئے گا۔وزیر موصوف نے عید کی روحانی اور سماجی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے س کہا کہ یہ تہوار ہمدردی، سخاوت،جذبہ ایثار اور بھائی چارے جیسی لازوال اَقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عید باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مختلف طبقوںکے درمیان اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا ایک اہم موقعہ ہے۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس تہوار کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ منائیں اور معاشرے کے پسماندہ اور غریب طبقوں تک پہنچ کر ان کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ اُنہوں نے کہا،’’عید ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی خوشی کے لمحات میں پیچھے نہ رہ جائے۔ستیش شرما نے تہوار کے دوران ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں غذائی اجناس، رسوئی گیس اور دیگر ضروری اشیاء کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے بلیک مارکیٹنگ، ذخیرۂ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روکتھام کے لئے سخت نگرانی پر بھی زور دیا تاکہ لوگوںکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں اس موقعہ پر نوجوانوں کی شمولیت اور کمیونٹی کی شرکت کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنے علاقوں میں ہم آہنگی، صفائی ستھرائی اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار اَدا کریں۔وزیر موصوف نے ٹرانسپورٹ حکام اور خدمات فراہم کرنے والوں پر بھی زور دیا کی کہ عید کے دوران عوام کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ آواجاہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اَپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے ملنے جانے والوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولیت میسر ہو۔اُنہوںنے جموں و کشمیر میں دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی اور لوگوںکی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقصد کے لئے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عید کو ذِمہ داری کے ساتھ منائیں، صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور عوامی تحفظ کے اصولوں کی پابندی کریں۔










