سری نگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے سری نگر کے علمگری بازار میں عاشورہ جلوس میں شرکت کی تاکہ شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، ارکانِ اسمبلی تنویر صادق، مشتاق گورو اور مختلف مذہبی تنظیموں کے سرکردہ نمائندگان اور کمیونٹی عمائدین نے بھی تھے۔وزیر موصوف ہزاروں عزاداروں کے ہمراہ شامل ہوئے جنہوں نے حضرت حسین ؓ اور اُن کے رفقائے کار کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے عدل، ایثار اور سچائی کے آفاقی پیغام کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اِس دِن کو ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و اِنصاف کی حمایت کا مؤثر پیغام قرار دیا۔اِس موقعہ پر ستیش شرما نے کہا، ’’عاشورہ صرف سوگ کا دِن نہیں بلکہ غور و فکر کا موقع بھی ہے جو ہمیں حضرت حسینؓ کے اُس اَبدی پیغام کی یاد دلاتا ہے جو اُنہوں نے نااِنصافی اورظلم کے خلاف قیام کے ذریعے دیا۔ ان کا پیغام آج بھی دُنیا بھر میں مذاہب اور قوموں سے بالاتر ہو کر اِنسانیت کو متاثر کر رہا ہے۔‘‘اُنہوں نے جلوس کے پُرامن اور منظم اِنعقاد پر عزاداروں، مقامی رضا کاروں، اِنتظامیہ اور مذہبی رہنماؤں کے درمیان تال میل کو سراہا۔
وزیر موصوف نے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ،ٹرانسپورٹ اور محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران ضروری اشیأ کی فراہمی، آواجاہی اور ایمرجنسی طبی سہولیات کے اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوںنے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے لئے باہمی احترام کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ کثرت میں وحدت‘‘ جموں و کشمیر کی تکثیری اخلاقیات کی بنیاد ہے۔اِس موقعہ پر ضلعی اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران بھی موجود تھے۔










