ستیش شرما نے رڈپورہ اور ڈائون ٹائون سری نگر کے دیگرکھیل میدانوں میں کھیل میدان کی اَپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا

سری نگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور اے آر آئی و ٹریننگز ستیش شرما نے سری نگر کے قلب میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک بڑاقدم اُٹھاتے ہوئے آج رڈپورہ میں کھیل میدان کی اَپ گریڈیشن اور دیگر ملحقہ کھیل میدانوںمیں نشستوں کے درجات کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔ یہ منصوبہ تقریباً100 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی خانیار علی محمد ساگر اورممبر اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر کے علاوہ محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کے سینئر اَفسران اور مقامی نمائندے موجود تھے۔اِس موقعہ پر ستیش شرما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ ہر اُبھرتے ہوئے کھلاڑی بالخصوص شہری اور ڈاؤن ٹاؤن علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات تک رَسائی حاصل ہو۔اُنہوں نے بتایا کہ اَپ گریڈیشن کے کاموں میں نشستوں کے درجات کی تعمیر، زمین کی ہمواری اور دیگر متعلقہ سہولیات شامل ہیں جو مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور منظم ماحول میں اَپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے بہتر مواقع فراہم کریں گی۔وزیرموصوف نے مزید یقین دِلایا کہ محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود خطے کے کھیلوں کے شوقین نوجوانوں کو جدید ڈھانچے، کوچنگ پروگراموں اور ٹورنامنٹوں کے ذریعے بھرپور مدد فراہم کرتا رہے گاتاکہ اُن کی شمولیت نچلی سطح سے لے کر پیشہ ورانہ سطح تک یقینی بنائی جا سکے۔مقامی باشندوں، کھلاڑیوں اور رڈپورہ اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں نے وزیر اور حکومت کی اس اہم ترقیاتی پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ڈاؤن ٹاؤن سری نگر کو کھیلوں کی سرگرمیوں کا ایک متحرک مرکز بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔