علاقے کی ترقی کیلئے اپنے سی ڈی ایف سے 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا
جموں//وزیر برائے فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، ٹرانسپورٹ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے آج سالانہ مذہبی اجتماع کی شب پر معزز دیو ستھان بلی میں عقیدت کے پھول چڑھائے اور علاقے کے لوگوں کیلئے امن ، ہم آہنگی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کیں ۔ مذہبی تقریب کے بعد وزیر نے کھڑہ بلی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا ، جہاں انہوں نے مقامی باشندوں ، مذہبی رہنماؤں اور معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں سے تفصیلی بات چیت کی ۔ وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے چھان پورہ مسٹر مشتاق گرو کے علاوہ سینئر سول اور پولیس افسران بھی تھے ۔ وزیر نے بلی میں زیر تعمیر پلی فیلڈ کا موقع پر معائینہ کیا ۔ نوجوانوں کی بااختیاری اور مثبت مشغولیت کیلئے کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور مناسب معیار کے ساتھ سہولت کو یقینی بنایا جائے ۔ مسٹر ستیش شرما نے بلاک کھڑہ بلی کی ترقی کیلئے 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ علاقے میں ترقی کو فروغ دینے کیلئے وزیر نے بلاک کھڑہ بلی میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ ( سی ڈی ایف ) سے 30 لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ یہ کام مقامی انفراسٹرکچر کی بہتری ، شہری سہولیات کی مضبوطی اور کمیونٹی دوست سہولیات کی تخلیق پر مشتمل ہوں گے تا کہ لوگوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے ۔










