ستیش شرما نے حکومت کی عوام مرکزیت گورننس کے عزم کا اعادہ کیا

سرینگر//وزیر برائے فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے سرینگر میں کئی وفود سے ملاقات کی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں سے وسیع تبادلہ خیال کیا ۔ملاقاتوں کے دوران وفود نے عوامی خدمات کی فراہمی ، ضروری اشیاء کی دستیابی ، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی مضبوطی ، آئی ٹی سے فعال خدمات میں بہتری ، اسپورٹس سرگرمیوں کا فروغ اور نوجوانوں کیلئے فلاحی اقدامات سے متعلق مختلف مسائل اجاگر کئے ۔ مقامی انفراسٹرکچر ، روز گار کے مواقع ، کنزیومر ویلفئیر اور حکومت کی سکیموں کے موثر نفاذ سے متعلق امور بھی اٹھائے ۔ وزیر موصوف نے ہر وفد کو غور سے سُنا اور یقین دلایا کہ تمام جائیز مسائل کا بغور جائیزہ لیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں وقت کی پابندی کے ساتھ حل کیا جائے گا ۔ حکومت کی عوام مرکزیت اور شفاف گورننس کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسٹر ستیش شرما نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ اس بات پر پابند ہے کہ پالیسیاں اور پروگرام عوام کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ رسائی ، احتساب اور جوابدہی حکومت کے کام کاج کے رہنما اصول ہیں ۔ مسٹر ستیش شرما نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وفود کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل پر غور کیا جائے اور جلد از جلد تدارک کیا جائے ۔