ستیش شرما نے جموں وکشمیر کے محکموں میں بھرتی کے قواعد کیلئے سِنگل وِنڈو ڈیجیٹل سسٹم کی مجوزہ منصوبے کا جائزہ لیا

ستیش شرما نے جموں وکشمیر کے محکموں میں بھرتی کے قواعد کیلئے سِنگل وِنڈو ڈیجیٹل سسٹم کی مجوزہ منصوبے کا جائزہ لیا

کہا، نیانظام رئیل ٹائم مانیٹرنگ اور عوامی رَسائی کے ذریعے جوابدہی کو مضبوط کرے گا

جموں// وزیر برائے ایڈمنسٹریٹیو ریفارمز،اِنسپکشنز و ٹریننگز( اے آر آئی اور ٹریننگز) ، خوراک ، شہری رسدات و اَمورصارفین ،ٹرانسپورٹ ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود،آئی ٹی ، سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرما نے اِنتظامی کارکردگی اور ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم کے طور پر آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کے تمام سرکاری محکموں میں بھرتی قوانین کو تیا ر کرنے اور ترمیم کرنے کے لئے سِنگل وِنڈو ڈیجیٹل سسٹم کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری اے آر آئی و ٹریننگز شبنم کاملی اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنتظامی طریقۂ کار کو زیادہ مؤثر، شفاف اور وقت کے پابند بنانے کے لئے اِصلاحات ضروری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مجوزہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھرتی کے عمل میں ایک بڑی اِصلاح ثابت ہوگا جو تیز تر فیصلہ سازی اور یکساں پالیسی کی عمل آوری کو یقینی بنائے گا۔وزیر ستیش شرما نے اے آر آئی و ٹریننگز ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس تصور کو پیش کیا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جی اے ڈِی، فائنانس،قانون اور جے کے پی ایس سی کے ساتھ مشاورت کے ساتھ نظام کے ڈیزائن اور رو ل آئوٹ کو تیز کریں تاکہ ہر مرحلے پر بین محکمہ جاتی تال میل اور جوابدہی برقرار رہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’یہ ڈیجیٹل اِصلاحات اِنتظامی تاخیر کو نمایاں طو رپر کم کرے گی ، شفافیت کو فروغ دے گی اور تمام محکموں میں بھرتی پالیسیوں کے یکساں عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔سِنگل وِنڈو سسٹم نہ صرف کارکردگی میں اِضافہ کرے گا بلکہ ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور عوامی رسائی کے ذریعے جوابدہی کو بھی مضبوط بنائے گا۔‘‘اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ اِس نظام کو موجودہ اِی۔آفس فریم ورک کے ساتھ مربوط کیا جائے اور محکمانہ نوڈل اَفسران کے لئے تربیتی و صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ نظام کی مؤثر منتقلی اور کامیاب عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ستیش شرما شہریوں اور شراکت داروں کو آن لائن بھرتی کے منظور شدہ قواعد تک رَسائی اِجازت دینے کے لئے عوامی حوالہ کے نقطہ نظر کو متعارف کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جو حکومت کی شفاف اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے عزم کو مضبوط بناتا ہے۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ یہ نیا اَقدام تمام محکموں میں یکساں بھرتی پالیسی کو یقینی بنائے گا، کاغذی کارروائی اور فائلوں کی نقل و حرکت میں نمایاں کمی لائے گا، آن لائن نگرانی کے ذریعے شفافیت بڑھائے گا، خالی اَسامیوں کو تیزی سے پُر کرنے میں مدد کرے گا اور محکموں اور ایجنسیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا۔سنگل وِنڈو ڈیجیٹل سسٹم موجودہ ملٹی ٹائرڈاور کاغذپر مبنی عمل کو ایک متحد آن لائن میکانزم سے بدلنا ہے۔اِس نظام کی خصوصیات میںآن لائن پورٹل اور ڈیش بورڈ،محکماتی محفوظ لاگ اِن اور معیاری ڈیجیٹل ٹیمپلیٹس،بیک وقت آن لائن منظوری و ترسیل برائے اے آر آئی اینڈ ٹریننگز،فائنانس ، قانون ،جی اے ڈِی اورجے کے پی ایس سی ،تمام منظور شدہ بھرتی قوانین ، ترامیم اور نوٹیفکیشنوں کا مرکزی ذخیرۂ،ایس ایم ایس،اِی میل کی نگرانی کے لئے ریئل ٹائم اپڈیٹس اور تاخیر کے اَزالے کے لئے میکانزم،زیرِ اِلتوأ اور کارکردگی کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ،مضبوط ڈیٹا پروٹیکشن اور آڈِٹ میکانزم اورفوری منظوریوں کے لئے طے شدہ ٹائم لائنز شامل ہیں۔مجوزہ ماڈل کے تحت متعلقہ محکمے اپنی تجاویز 30 دِن کے اندر حتمی شکل دے کر جمع کریں گے جبکہ اے آر آئی و ٹریننگز،فائنانس ، قانون ، جی اے ڈی ، جے کے پی ایس سی اورسٹینڈنگ کمیٹی ہر کیس کو 10 دِن کے اندر نمٹائیں گے اور جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈِی) کی طرف سے حتمی منظوری کو مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائے گا۔