ستیش شرما نے جموں میں بِگ جے کے پی ایل کے اِفتتاح میں شرکت کی

ستیش شرما نے جموں میں بِگ جے کے پی ایل کے اِفتتاح میں شرکت کی

ٹرانسپورٹ ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے دفاتر کا اچانک معائینہ کیا

جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات وامورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرما نے جموں میں بگ جموں و کشمیر پریمیئر لیگ (جے کے پی ایل) کی اِفتتاحی تقریب میں شرکت کی اور عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے سپورٹس کلچر کو فروغ دینے اور جموں بھر میں کھیلوں کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ دینے پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جے کے پی ایل جیسے پلیٹ فارم ٹیلنٹ کی شناخت، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں مسابقتی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس سے نوجوانوں کی توانائی کو مثبت اور تعمیری سمت میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ستیش شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر بتدریج کھیلوں کی عمدگی کے مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے جس میں سٹیڈیم، تربیتی سہولیات اور نچلی سطح کے کھیلوں کے اَقدامات پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے محکموں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ٹرانسپورٹ کمشنر آفس اور منیجنگ ڈائریکٹرجے اینڈ کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) جموں کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ اُنہوں نے معائینے کے دوران عملے کی حاضری، وقت کی پابندی اور مجموعی ورک کلچرکا جائزہ لیا اور عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے افسران و ملازمین سے بات چیت کی۔وزیر ستیش شرمانے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) جموں کا بھی دورہ کیا اوراُنہوں نے وہاں عوامی خدمات کی فراہمی، سہولیات کی دستیابی اور جاری کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور تمام جائز شکایات کا بروقت اور شفاف طریقے سے اَزالہ کیا جائے۔ستیش شرما نے دفتر سائنس و ٹیکنالوجی جموں کا بھی دورہ کیا جہاں اُنہوں نے جاری منصوبوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں حکمرانی، خدمات کی فراہمی اور نوجوانوں کی شمولیت کو بہتر بنانے کے لئے اِختراعات، ڈیجیٹلائزیشن اور سائنسی حل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا۔اُنہوں نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی توجہ سرکاری محکموں کو زیادہ مؤثر، جوابدہ اور عوام دوست بنانے پر مرکوز ہے جبکہ کھیلوں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور سائنس و ٹیکنالوجی کو جموں و کشمیر کی ترقی کے اہم محرکات کے طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔