جموں//وزیر برائے خوراک،شہری رسدات و اَمورِ صارفین ،ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے آج ڈائریکٹر زراعت جموں انل گپتا کی موجودگی میں’’فروغِ تیل دار بیج (ایچ اے ڈِی پی)‘‘ کے تحت ترقی پسند کسانوں کے ایک روزہ نمائشی دورے کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا ۔محکمہ زراعت جموں کے تین اَفسران کے ہمراہ چمب حلقہ سب ڈویژن اَکھنور کے 62 کسانوں کا ایک گروپ کرشی وگیان کیندر (کے وِی کے) آر ایس پورہ جموں کے دورے میں شرکت کر رہے ہیں۔ اِس پروگرام کا مقصد کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی ، سائنسی اِنٹرونشنوں اور تلہن کی کاشت میں بہترین طریقوں سے روشناس کرنا ہے تاکہ وہ کھیت کی سطح پر اِختراعی طریقے اَپنا کر اَپنی پیداوار اور علم میں اِضافہ کر سکیں۔اِس موقعہ پر وزیر ستیش شرمانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیل دار بیجوں کے فروغ اور ان کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ ملک کو خوردنی تیل کی درآمدات پر اَنحصار کم کرنے کے لئے بے حد ضروری ہے۔ اس مقصد کے لئے کسانوں کو سائنسی اور تکنیکی تربیت فراہم کرنا لازمی ہے تاکہ وہ اِختراعی طریقوں کومؤثر طریقے سے اَپنا کر پیداوار میں اِضافہ کرسکیں۔وزیر موصوف نے زور دیا کہ ایسے نمائشی دورے سائنسی تحقیق اور فیلڈ لیول ایپلی کیشن کے درمیان پائے جانے والے خلا کو پُر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ڈائریکٹر زراعت جموں نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے زرعی سرگرمیوں میں تنوع کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ ہو سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ آئیل سیڈکے فروغ کے ساتھ ساتھ کاشت کاروں کو آئندہ مشروم سیزن کے پیش نظر مشروم کی کاشت سے متعلق ایکسپوژر اور تکنیکی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ تیل دار بیجوں کی پیداوار کے ساتھ مشروم فارمنگ بھی شروع کریں اور اَپنی آمدنی کو دوگنا کرنے کی طرف بڑھ سکیں۔اِس موقعہ پر چیف ایگری کلچر آفیسر جموں منوہر لال شرما، ایگری کلچر کیمسٹ وِنود کمار شرما، ایس ایم ایس (ڈِی ایل) راجیو کٹوچ،ایس ڈِی اے او اَکھنورراجن شرما، اے ایس سی او اَکھنورراجیش لنگر اور سب ڈویژن اَکھنور کے جے اے اِی اوز اور اے اِی اِیز بھی موجود تھے۔










