دو ماہ کی تنخواہ وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ میں عطیہ کی
جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے آج توی ندی کے کناروں کا تفصیلی معائینہ کیا تا کہ پانی کی سطح کی صورتحال کا جائیزہ لیا جا سکے اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا اندازہ لگایا جا سکے کہ وہ سیلاب سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کس حد تک تیار ہے ۔ ان کے ہمراہ اے ڈی سی جموں انوسیا جموال ، فلڈ کنٹرول ، ایری گیشن اینڈ پی ایچ ای ، ریونیو اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سینئر افسران بھی تھے ۔ وزیر نے توی کے کناروں اور ملحقہ نچلے علاقوں میں واقع رہائشی علاقوں کے تحفظ کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ افسران نے انہیں مشینری کی تعیناتی ، ریسکیو بوٹس کی دستیابی ، میڈیکل اور ریلیف ٹیموں کی تعیناتی اور ہنگامی حالات میں عارضی پناہ گاہ کیمپوں کے انتظامات کے بارے میں بریف کیا ۔ وزیر موصوف نے افسران سے بات کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ ندی کی سطح کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے اور فیلڈ سٹاف اور کنٹرول رومز کے درمیان فوری رابطہ کاری کا نظام یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے حساس علاقوں میں عوام کو فوری طور پر الرٹس جاری کرنے کی ہدایت دی تا کہ ضرورت پڑنے پر لوگوں کو جلد سے جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے ۔ وزیر نے مزید زور دیا کہ امدادی مراکز پر راشن ، پینے کا پانی ، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا مناسب ذخیرہ یقینی بنایا جائے ۔ ایک انسان دوست اقدام کے طور پر وزیر نے اعلان کیا کہ وہ اپنی دو ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے اور اس طرح اپنی ذاتی وابستگی کو امدادی اور بحالی کے کاموں کی حمایت کیلئے دوہرایا ۔ وزیر موصوف نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ حالات معمول پر آنے تک ہائی الرٹ پر رہے گی اور خطرات کو کم کرنے اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے فعال اقدامات کئے جائیں گے ۔










