ستیش شرما نے بیس کیمپ بھگوتی نگر کا دورہ کیا

ستیش شرما نے بیس کیمپ بھگوتی نگر کا دورہ کیا

کامیاب یاتر ا کیلئے مربوط کوششو ں پر زور

جموں// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی و سائنس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگز ستیش شرما نے آج بھگوتی نگر بیس کیمپ جموں کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ شری اَمرناتھ جی یاترا۔ 2025 کے اِنتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورے کے دوران وزیرموصوف نے بیس کیمپ کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا مکمل معائینہ کیا جس میں سیکورٹی کے اِنتظامات، بجلی اور پانی کی فراہمی اور یاتریوں کے لئے رہائشی سہولیات شامل ہیں۔ اُنہوں نے چار رہائش گاہوں کا معائینہ کیا اور اِس بات کو یقینی بنایا کہ صاف پینے کا پانی، ایئر کنڈیشنر اور پنکھے مناسب طریقے سے نصب کئے گئے ہیں اور فعال ہوں۔وزیر ستیش شرما نے لنگر ہال کا بھی دورہ کیا اور کانپور سے آئے لنگر عملے کی بے لوث خدمات کو سراہا۔وزیر موصوف کے ہمراہ ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات و اَمورصارفین،، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او) جموں، جنرل منیجر جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی انفورسمنٹ ٹیم بھی موجود تھی۔ اُنہوں نے آر ٹی سی کاؤنٹر کا معائینہ کیا اور یاترا کے لئے ٹرانسپورٹ اِنتظامات کو مؤثر بنانے کے لئے کئی ہدایات جاری کیں۔ ان ہدایات میںیاترا میں حصہ لینے والی گاڑیوںکے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کی سخت نگرانی،تمام ڈرائیورئوں اور یونین ٹیریٹری سے باہر سے آنے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق،آر ٹی سی بسوں اور دیگر گاڑیوں کو بروقت فِٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنااوربیس کیمپ پر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران و ملازمین کی تعیناتی شامل ہیں۔وزیر ستیش شرمانے ٹرانسپورٹ کمشنر جموں و کشمیر اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جموں کی سراہنا کی کہ اُنہوں نے مختلف اَقسام کی گاڑیوں کے مقررہ کرایوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے والی ہورڈنگز نصب کی ہیں۔ یہ ہورڈنگز بھگوتی نگر بیس کیمپ جموں ایئرپورٹ، ریلوے سٹیشن، ٹیکسی سٹینڈ، جنرل بس سٹینڈ اور بان ٹول پلازہ پر آنے والے یاتریوں کی رہنمائی کے لئے لگائے گئے ہیں۔وزیر موصوف نے بیس کیمپ میں مختص پارکنگ ائیریا کا بھی معائینہ کیا جس میں 1500 گاڑیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔دورے کے اِختتام پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی جس میں متعلقہ محکموں کے اَفسران کے ساتھ اِنتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران میٹنگ ستیش شرما نے آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ ڈیوٹی سے قبل تمام بس ڈرائیوروں اور عملے کی فٹنس کو یقینی بنایا جائے، صرف فٹ اور جدید ماڈل کی بسوں کو یاتریوں کے لئے اِستعمال میں لایا جائے اور یاتریوں کی حفاظت اور نگرانی کے لئے تمام بسوں میں سی سی ٹی وِی کیمرے نصب کئے جائیں۔