ستیش شرما نے بگ جے کے پی ایل کی جموں و کشمیر میں نوجوانوں اور کھیلوں کی ثقافت کو فروٖغ دینے کیلئے تعریف کی

ستیش شرما نے بگ جے کے پی ایل کی جموں و کشمیر میں نوجوانوں اور کھیلوں کی ثقافت کو فروٖغ دینے کیلئے تعریف کی

جموں//وزیر برائے فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے آج بگ جموں و کشمیر پریمئر لیگ ( بگ جے کے پی ایل ) 2025-26 کے منتظمین کی تعریف کی کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کیلئے ایک متحرک اور پیشہ وارانہ کھیلوں کا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے ۔ وزیر نے یہ بات یونیورسٹی آف جموں گراؤنڈ میں بگ جے کے پی ایل کے گرینڈ فائنل اور پرائز ڈسٹری بیوشن تقریب میں شرکت کے بعد کہی ، جہاں رائل گُڈ ول کرکٹ کلب نے سنسنی خیز فائنل کے بعد چیمپین کا اعزاز حاصل کیا ۔ مسٹر ستیش شرما نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی اور کھلاڑیوں کو غیر معمولی اسپورٹس مین شپ ، ڈسپلن اور مقابلاتی جذبے کے مظاہرے پر سراہا ۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ستیش شرما نے کہا کہ مسٹر عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر بھر میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے ، نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ بگ جے کے پی ایل جیسے ٹورنامنٹس مقامی کھلاڑیوں کو بڑے پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور کھیلوں میں پیشہ وارانہ کیرئیر کے دروازے کھولتے ہیں ۔ وزیر نے 92.7 بگ ایف ایم اور اس کے پارٹنرز کی بھی تعریف کی کہ انہوں نے ایک اعلیٰ معیار کی لیگ کا انعقاد کیا جو بڑی عوامی شرکت کو اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب رہی اور یونین ٹیر ٹیری کے مختلف حصوں سے نوجوان کرکٹرز کو اکٹھا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف جسمانی تندرستی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں ٹیم ورک ، ڈسپلن اور اتحاد کے جذبے کو بھی پیدا کرتے ہیں ۔ بگ جے کے پی ایل 2025-26 بڑے ہجوم اور سنسنی خیز فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جو علاقے میں کرکٹ اور کھیلوں کی ثقافت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے ۔