کہا،جموںوکشمیر کیلئے جدید اور قابلِ عمل سولر اَنرجی سلوشنز تلاش کئے جائیں
سری نگر// وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے حکومت کے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے کی کوشش کے تحت آج بمنہ میں سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ کے ’’توانائی گھر‘‘ کا اچانک دورہ کیا۔وزیر موصوف نے اَپنی گفتگو کے دوران متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر بھر میں قابلِ عمل اور جدید سولر اَنرجی سلوشنزتلاش کریں جنہیں زمینی سطح پر عملایا جا سکے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے تصور کردہ ’مشن سولر اَنرجی ‘ کو قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے لئے تمام شراکت داروں کی جانب سے اہم کوششوں کی ضرورت ہے ۔ ستیش شرما نے کہا، “حکومت جموں و کشمیر کو قابلِ تجدید توانائی ٹیکنالوجیز اَپنانے میں ایک ماڈل بنانا چاہتی ہے ۔یہاں شمسی توانائی کے وسیع اِمکانات ہیں اورہے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اسے سائنسی اور نتیجہ خیز طریقے سے اِستعمال کریں۔‘‘اُنہوں نے محکمہ کو سرکاری عمارتوں، اِداروں اور عوامی سہولیات میں سولر اَنرجی کی تنصیبات کو وسعت دینے، مراعات کے ذریعے گھریلو سطح پر شمسی توانائی کو اَپنانے اور تحقیقی اِداروں اور نجی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری مؤثر حل نکالنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تفصیلی تجاویز اور عملی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اِس کے علاوہ، مختلف سرکاری سکیموں کے تحت جاری قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔ستیش شرما نے محکمہ کے ملازمین کے مسائل اور شکایات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سینئر اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک معاون اور مثبت ورکنگ ماحول قائم رکھیں۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود براہِ راست تعلق کارکردگی اور پیداواری صلاحیت سے ہے اور حکومت سروس سے متعلقہ معاملات کو وقت مقررہ میں حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔وزیر ستیش شرما نے دیرپا ترقی پر حکومت کی توجہ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شمسی اور دیگر قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کو اَپنانا نہ صرف روایتی بجلی پر انحصار کو کم کرے گا بلکہ جموں و کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ نئے جذبے اور جوابدہی کے ساتھ کام کریں تاکہ وزیر اعلیٰ کا جموں و کشمیر کو کلین انرجی ہب بنانے کا ویژن حقیقت کا روپ دھار سکے۔اِس موقعہ پر سی اِی او جے اے کے اِی ڈِی اے پی آر دھر اور محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔










