جموں//وزیر برائے ٹرانسپورٹ ، ایف سی ایس اینڈ سی اے ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگ مسٹر ستیشن شرما نے آج ایس ایم جی آفس میں اسٹیٹ موٹر گیراجز جے اینڈ کے کی ریکوری وہیکل کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایس ایم جی طاہر ملک ، دیگر سینئر عہدیداروں اور عملے کے ممبران بھی موجود تھے ۔ ریکوری وہیکل کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر نے آفس کے احاطے کا چکر لگایا اور گاڑی کی دھلائی ، سروس ، ٹیوننگ اور مرمت جیسی دیگر سہولیات کا معائینہ کیا ۔ وزیر نے ایس ایم جی کے عملے کے ممبروں اور ڈرائیوروں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل اور شکایات کے بارے میں استفسار کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ایس ایم جی کو ان اقدامات پر مبارکباد پیش کی جس سے محکمہ کے کام کو تقویت ملے گی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس ریکوری گاڑی کو محکمہ کے ایک اثاثہ کے طور پر ثابت کیا جائے گا کیونکہ اس سے محکمہ کیلئے آمدنی بھی ہو گی ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ محکمہ بھی گاڑی کو عام لوگوں کو کرایہ پر دے سکتا ہے تا کہ وہ اپنی خراب گاڑی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر سکیں ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ملازمین کی فلاح و بہبود خاص طور پر ڈرائیور برادری کے حقیقی مطالبات اور مسائل کے ازالے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔










