سرینگر//وزیر برائے خوراک و سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگز مسٹر ستیش شرما نے سول سیکرٹریٹ میں کئی عوامی اور شعبہ جاتی وفود سے ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں شعبہ جاتی چیلنجز ، پالیسی خلاؤں اور انتظامی تعاون کی مانگوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر موصوف نے تمام وفود کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا جائیزہ لے کر وقت کی پابندی کے ساتھ حل کیا جائے گا ۔ ویسٹرن یونین ٹرانسپورٹ وفد نے ٹرانسپورٹس پرمٹس ، کرایہ جاتی نظر ثانی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے ، غیر قانونی ٹرانسپورٹ آپریشنز کو روکنے کیلئے نفاذ کو نضبوط کرنے ، گاڑیوں کی فٹنس اور تجدید کے عمل میں تاخیر کے مسائل اٹھائے ۔ رہبر کھیل ملازمین کی ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے اپنی خدمات کی ریگولرائیزیشن اور زیر التوا اعزازیہ کی بروقت ادائیگی جیسے متعدد مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے وزیر موصوف سے اپیل کی کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کیلئے خدمات انجام دینے والے سینکڑوں نوجوانوں کو مستقبل کو محفوظ بنایا جائے ۔ کیروسین ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ایف سی ایس اینڈ سی اے سپلائی چین میں درپیش چیلنجز اجاگر کئے ۔ منی بس اپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹریفک ریگولیشن کے مسائل ، مقررہ سٹاپس کی کمی ، بعض راہداریوں پر ہجوم سے بچنے کیلئے راستوں کی معقول تقسیم ، آپریشنل لاگت میں مسلسل اضافے سے مالی دباؤ اور زیر التوا سبسڈی و امدادی کیسز کی فوری منظوری جیسے مسائل اٹھائے ۔ اس کے علاوہ کئی دیگر وفود نے بھی وزیر موصوف سے ملاقات کی اور عوامی فلاح و بہبود ، انفراسٹرکچر میں خلاء اور محکمانہ سروس ڈیلوری سے متعلق مطالبات پیش کئے ۔ مسٹر ستیش شرما نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور ان کے حل کیلئے انہیں متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔










