فلوریڈا/یو این آئی//آرینا سبالینکا نے ورلڈ نمبر 4 کوکو گوف کے خلاف 6-2، 4-6، 6-3سے شاندار فتح حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے ۔ وہ 2022 میں ایگا سوائٹیک کے بعد ’سن شائن ڈبل‘ (انڈین ویلز اور میامی اوپن کے ٹائٹل ایک ہی سال میں جیتنا) مکمل کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل اسٹیفی گراف، کم کلسٹرز، وکٹوریہ ازارینکا اور سوائٹیک یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔اس جیت کے ساتھ سبالینکا نے ڈبلیو ٹی اے ٹور لیول پر گوف کے خلاف اپنا ریکارڈ 7-6 کر لیا ہے اور اپنے میامی اوپن ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع بھی کیا ہے ۔ وہ 2019اور 2021میں ایشلے بارٹی کے بعد اس ایونٹ میں مسلسل دو بار ٹائٹل جیتنے والی پہلی کھلاڑی ہیں، جبکہ 2013 سے 2015 تک سرینا ولیمز کے بعد لگاتار برسوں میں ایسا کرنے والی پہلی پلیئر بن گئی ہیں۔ یہ سبالینکا کے کیریئر کا 24واں ڈبلیو ٹی اے سنگلز ٹائٹل اور مجموعی طور پر 30واں ٹائٹل ہے ، جس میں چھ ڈبلز ٹائٹل بھی شامل ہیں۔ ان کے اعزازات میں چار گرانڈ سلام سنگلز اور 11 ڈبلیو ٹی اے 1000 سنگلز ٹائٹل شامل ہیں۔ وہ اب تک ورلڈ نمبر 1 کی پوزیشن پر 83 ہفتے گزار چکی ہیں، جس میں ان کا حالیہ تسلسل 75 ہفتوں تک پہنچ چکا ہے ۔ فائنل میچ 2 گھنٹے اور 9 منٹ تک جاری رہا، جو سبالینکا کے لیے اس ہفتے کا سب سے مشکل امتحان ثابت ہوا۔ پیر کے روز وہ مسلسل 76 ویں ہفتے ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہ کر سوائٹیک کا طویل ترین ریکارڈ توڑ دیں گی اور ایشلے بارٹی (114ہفتے ) کے بعد نمبر 1پر سب سے طویل عرصہ گزارنے والی کھلاڑی بن جائیں گی۔ اب وہ کلے کورٹ سیزن کا آغاز بطور ورلڈ نمبر 1 کریں گی۔










