سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی سبارڈِ نیٹ کمیٹی نے اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ ریونیو محکمہ کی طرف سے وضع کردہ قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین حسنین مسعودی نے کی۔میٹنگ میںممبران ریاض احمد خان، شبیر احمد کلے، ہلال اکبر لون، ستیش کمار شرما اور ڈاکٹر رمیشور سنگھ نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں کمیٹی نے ریونیو ریکارڈز، اِنتقالات اور سیٹلمنٹس کی ڈیجیٹائزیشن پر تفصیلی بحث وتمحیص کی۔ کمیٹی نے اِس بات پر زور دیا کہ تمام سرکاری دفاتر میں شہریوں کو آسان رسائی اور خدمات کی بغیر کسی رُکاوٹ کے فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمیٹی نے محکمہ ریونیوکے مختلف قواعد، ذیلی قواعد، ضوابط اور ضمنی قوانین کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اراضی کے منصفانہ معاوضے، متاثرہ اَفراد کی بازآبادکاری اور اِنتقالات کے عمل سے متعلق امور پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔چیئرمین حسنین مسعودی نے اِنصاف اور مساوات کو یقینی بنانے کے لئے اَراضی سے متعلق قوانین کی اہمیت پر زور دیا اور عوامی فلاح و بہبود کے تحفظ کے لئے کمیٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کی بہتری کے لئے تعمیری تجاویز پیش کریں۔کمیٹی کے ارکان نے قیمتی سفارشات کا اشتراک کیا اور اپنے دائرہ اختیار کے اندر اہم مسائل اٹھائے اور ذیلی قانون سازی میں شفافیت اور جوابدہی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔










