شالہ ٹینگن پلوامہ میں معروف شاعر مرحوم غلام رسول مشکور کی یاد میں شاندار ادبی تقریب کا انعقاد
سرینگر//ساگر کلچرل فورم ڑْکر پٹن کشمیر کی جانب سے آج شالٹنگن پلوامہ میں ایک عالی شان ادبی تقریب معروف شاعر مرحوم غلام رسول مشکور کی یادمیں منعقد ہوئی۔ تقریب دو نشستوں پر مبنی تھی پہلی نشست میں مرحوم غلام رسول مشکور کو وادی کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے شعرائے کرام اور قلمکا روں نے شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق نشست کی صدارت وادی کے معروف شاعرواسکالر رنجور تلگامی نے کی ۔ان کے ساتھ ایوان صدارت میں رشید صدیقی ، محمد افضل ہاشمی اور فورم کے صدر بشر زوگیاری موجود تھے ۔ دوسری نشست میں ایک عالی شان مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت معروف شاعر فیاض دلگیر نے کی ۔مشاعرے میں دو درجن سے زائدشعراء نے اپنا کلام پیش کیا تنظیم کے سرپرست اور کشمیری زبان کے ہر دل عزیز شاعر ساگر نظیر نے مہمانوں کا والہانہ استقبال پیش کیا مرحوم غلام رسول مشکور کی زندگی اور ادبی کارناموں پر نوجوان شاعر جاوید قلمی نے اپنا مقالہ پیش کیا ۔ واضح رہے ساگر کلچرل فورم کی جانب سے یہ 315 واں پروگرام تھا جو کہ جموں و کشمیر کی ادبی تواریخ میں ایک بڑا ریکارڈ ہے محفل میں موجود شاعروں ،قلم کاروں ،کے علاوہ عام لوگوں نے فورم کے اس قابل اعتماد کام کو سراہا اور مبارک باد پیش کی یاد رہے پروگرام رومش ادبی کلچرل فورم پلوامہ کے اشتراک سے منعقد ہوا اس موقعے پر شاعروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔










