سالانہ درمؤو:ستیش شرما نے سرکاری دفاتر کا معائینہ کیا

جموں// سول سیکرٹریٹ میں دربار مؤو کے پہلے دِن وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے آج اَپنے محکموں کے تحت کام کرنے والے تمام دفاتر کا جامع معائینہ کیا۔وزیر موصوف متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کے ہمراہ مختلف شعبہ جات گئے اور اِنتظامی یونٹوں بشمول خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ اور امورِ نوجوانان و کھیل کودکے دفاتر کے کام کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سیکرٹریٹ میں سرکاری کام کاج کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا اور سرمائی دارالخلافہ میں منتقلی کے بعد عملے اور بنیادی ڈھانچے کی تیاری کابھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے معائینے کے دورا ن اَفسران اور ملازمین سے بات چیت کی ، اُن کی ضروریات کے بارے میں دریافت کیا اور اُنہیں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور کارکردگی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکمرانی میں شہری مرکوز طرزِ عمل اِختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا ،’’ہماری توجہ ہمیشہ بروقت خدمات کی فراہمی، جوابدہی اور شفافیت پر مرکوز رہنی چاہیے۔‘‘وزیر ستیش شرما مزید ہدایت دی کہ محکمانہ سربراہان فیلڈ دفاتر اور سیکرٹریٹ کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنائیں تاکہ عوامی شکایات کو مقررہ مدت میں حل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے ہر محکمہ کے جاری کلیدی اقدامات بالخصوص آئی ٹی محکمے کے تحت ڈیجیٹل سروس کی توسیع ،خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین کے تحت صارفین کے تحفظ کے اَقدامات، ٹرانسپورٹ محکمے کی روڈ سیفٹی بیداری مہمات اور جموں و کشمیر میں جاری کھیلوں کی ترقیاتی سرگرمیوں کابھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے حکومت کے مؤثر اور عوام دوست انتظامی نظام کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹریٹ کا دوبارہ کھلنا حکمرانی کے ایک اور نتیجہ خیز سیشن کا آغاز ہے جس کا مقصد عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔ اُنہوں نے تمام اَفسران پر زور دیا کہ وہ اچھے طرزِ حکمرانی کے مشن کے لئے خود کو وقف کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ ہر حکومتی اقدام نچلی سطح تک مؤثر طریقے سے پہنچے۔وزیر موصوف نے مختلف دفاتر میں کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا اور یقین دِلایا کہ محکموں کی کارکردگی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تمام ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔معائینے کے دوران تمام محکموں کے سینئر اَفسران اور عملہ موجود تھا۔