امام بارگاہ بونہ محلہ اندر کوٹ میں روح پر ور مجلس
سرینگر / /یوم زینب ؓکے عنوان سے امام بارگاہ اندر کوٹ سمبل میں سالانہ حسینی مشاعرے کی روح پر ور مجلس کا انعقاد ہوا جس میں وادی بھر سے آئے ہوئے کئی ممتاز ادیب، دانشور، قلمکار اور شاعروں نے شرکت کرکے شہدائے کربلا ‘ع’ کو یاد کیا اور شیردل خاتون حضرت زینب علیھم السّلام کی پاک سیرت پر روشنی ڈالی۔ کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق مجلس کا اہتمام ادبی مرکز کمراز کی سرپرستی میں اندر کلچرل فورم سمبل نے کیا تھا۔مجلس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے فوراً بعد نعت رسول مقبول ? پیش کیا گیا۔ مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے اندر کلچرل فورم کے سربراہ سلیم یوسف نے فورم کے اغراض و مقصد بیان کیا۔ مجلس کی صدارت معروف ادیب،دانشور، قلمکار، شاعر اور ماہر تعلیم پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی جبکہ ان کے ہمراہ ایوان صدارت میں معروف ذاکر اہلبیت اور ماہر تعلیم علی محمد قاسمی،ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ، فیاض تلگامی، سید اختر حسین منصور اور معروف براڈکاسٹر اور نیوز ریڈر شبنم وجپاری موجود رہے۔ دوران مجلس معروف اداکار اور قلمکار گلفام بارجی کو ادب اور کشمیری زبان کے تئیں بہترین خدمات کے عوض اعزاز سے نوازا گیا جبکہ بالترتیب علی محمد قاسمی،بزرگ شاعر عبدالرحمٰن حسینی اور اوقاف کمیٹی اندر کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ مشاعرے میں جن شعراء نے اپناکلام پیش کرکے امام عالی مقام علیھم السّلام اور دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا ان میں حاجی ضمیر انصاری، رشید روشن، سید نادم بخاری، اکرم صدیقی، عبدالرحمٰن حسینی، افضل ہاشمی، شوقین سونمی،اظہر نظیر، فاروق سمبلی، سرور ہاشمی، غلام علی پمپوش، غلام حسین شبنم، شوکت شہباز، سید مسعود شاداب، غضنفر شہباز، منتظر ہائیگامی، دلشاد مصطفیٰ، وسیم علی کاظم، میر رفیق، گلفام نوگامی، سید رضوان شالہاری، غلام حسن حسن، مولوی ریاض ہاکباری اور محمد رمضان ملہ قابل ذکر ہیں جبکہ پریم ناتھ شاد نے جموں سے آن لائن مشاعرے میں شرکت کی۔مجلس میں مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجلس کی نظامت گلفام بارجی نے انجام دی۔










