پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق 2009 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن اور سابق کرکٹر سہیل تنویر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ سہیل تنویر نے 2007 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کے لیے 2 ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور 57 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 130 وکٹیں حاصل کیں اور 612 رنز بنائے۔پی سی بی کے مطابق جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرپرسن کے طور پر سہیل تنویر کی پہلی ذمہ داری متحدہ عرب امارات میں 8 سے 17 دسمبر کے درمیان شیڈول ’اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2023‘ کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا انتخاب ہوگی۔
بعدازاں پاکستان انڈر 19 ٹیم 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سہیل تنویر نے کہا کہ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی جانب سے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تعیناتی پر شکر گزار ہوں، یہ واقعی میرے لیے اعزاز ہے، اس کمیٹی کا چیئرمین مقرر ہونا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور میں اس دلچسپ چیلنج کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے نوجوان ٹیلنٹ کی صلاحیت پر یقین رکھتا ہوں اور ہم مشترکہ طور پر نچلی سطح سے لے کر بین الاقوامی سطح تک کامیابی کے لیے ایک راستہ بنانا چاہتے ہیں۔
سہیل تنویر نے مزید کہا کہ ہمارا پہلا کام آئندہ ’اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ‘ کے لیے انڈر 19 اسکواڈ کا انتخاب ہوگا کیونکہ ہم اگلے سال کے آخر میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے ایک مضبوط ٹیم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔










