Javed Rana

زینہ پورہ حلقہ اِنتخاب کیلئے نئی لِفٹ اری گیشن سکیم منظور۔ جاوید رانا

کہا ،آبپاشی سکیموں کی جدید کاری حکومت کے زیر غور ہے

جموں//وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت نے زینہ پورہ حلقہ اِنتخاب کے لئے ایک نئی لِفٹ اری گیشن سکیم ( ایل آئی ایس)کو منظور ی دی ہے جس کا مقصد علاقے میں آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا ہے۔وزیرموصوف نے یہ بات ایوان میں رُکن اسمبلی شوکت حسین گنائی کی طرف اُٹھائے گئے لِفٹ اری گیشن سکیم سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بتائی ۔جاوید رانا نے بتایا کہ ’ایل آئی ایس ہیف لونی پورہ شوپیان‘ کی تعمیر کو نبارڈآر آئی ڈِی ایف ۔ XXXI کے تحت 239.00 لاکھ روپے کی منظور شدہ لاگت سے منظوری دی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سکیم 50 ہیکٹر قابلِ کاشت رقبہ (سی سی اے) کو سیراب کرے گی جس سے زرعی اراضی کو یقینی آبپاشی کی سہویقینی فراہم ہوگی۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس سکیم کو 2029 ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اِ س ضمن میں ارکان اسمبلی غلام محی الدین میر، ایم وائی تاریگامی اور شبیر احمد کُلے نے ضمنی سوالات اُٹھائے۔وزیر موصوف نے اُٹھائے گئے خدشات کے جواب میںکہا کہ آبپاشی سکیموں کی جدید کاری حکومت کے زیر غورہے اور جموں و کشمیر میں بالخصوص دیہی اور زرعی لحاظ سے اہم حلقوں میں آبپاشی کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔