ایک ہی کنبے کے3افراد سمیت11افرادزخمی
اننت ناگ//جنوبی قصبہ اننت ناگ کے شیرباغ علاقہ میں قائم زچکی وبچگی اسپتال’ میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال‘میں منگل کی صبح اسوقت خوف وہراس اورافراتفری کی صورتحال پیداہوئی جب یہاں اسپتال کے ٹکٹ سیکشن میں ہیٹنگ گیس سلنڈرکے اخراج کے نتیجے میں زورداردھماکہ ہوا،جسکی زدمیں آکرایک ہی کنبے کے تین افراد اورایک حاملہ خاتون سمیت 11افرادزخمی ہوگئے ۔ایم سی سی ایچ اننت ناگ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شفیع ملک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ یہ واقعہ او پی ڈی ٹکٹ سیکشن میں گیس خارج ہونے کے باعث ہوا ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹرپیوش سانگلہ(ٓئی اے ایس) نے میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال اننت ناگ میں پیش آئے واقعہ کی اے ڈی سی سطح پر تحقیقات کا حکم دیا ۔ جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے شیرباغ علاقہ میں واقع میٹرنٹی چائلڈ کیئر ہسپتال (ایم سی سی ایچ) میں گیس کے اخراج کے نتیجے میں ہوئے دھماکے میں کم از کم10 افراد زخمی ہو گئے۔ایم سی سی ایچ اننت ناگ کے ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح اسپتال کے ٹکٹ سیکشن میں ہیٹنگ گیس خارج ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔انہوںنے بتایاکہ سبھی زخمی افراد کو علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا۔زچکی وبچگی اسپتال شیرباغ اننت ناگ کے ذرائع نے بتایاکہ ٹکٹ سیکشن میں ہیٹنگ گیس خارج ہونے کے نتیجے میں ہوئے دھماکے میں بلقیس اختر،اُس کاشوہرمنظو راحمد زرگر ساکنان بجبہاڑہ،رابیہ جان دُخترمنظوراحمدزرگر ساکنہ بجبہاڑہ،ارشاد احمدوانی ولدغلام محمدوانی ساکنہ اترسو اننت ناگ ،سہیل ر ینہ ولدعبدالخالق ر ینہ ساکنہ اکاڈ ،ذاکرحسین ولد محمدطارق ساکنہ کاچھون،فیض نذیر ولدنذیراحمدشاہ ساکنہ ملکھ ناگ اننت ناگ،بازیدہ دُخترمختاراحمدشہ ساکنہ اکنگام،ریحانہ زوجہ فاروق احمدکمار ساکنہ ریڈونی (حاملہ )،محمدعباس کھانڈے ولدغلام رسول ساکنہ سری گفو ارہ،بٹوسنگھ ساکنہ پالپورہ اورجاوید احمدوگے ولدعبدالغنی ساکنہ گوش کوکرناگ شامل ہیں ۔اسپتال ذرائع نے بتایاکہ سبھی افرادکے ہاتھوں ،ماتھے یاچہرے پرچوٹیں آئی ہیں تاہم کسی کوشدیدزخم نہیں لگے ہیں ۔میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال شیرباغ اننت ناگ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق دس افراد جی ایم سی اننت ناگ میں زیر علاج ہیں اور سبھی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شفیع ملک نے مزیدکہا کہ یہ واقعہ او پی ڈی ٹکٹ سیکشن میں گیس خارج ہونے کے باعث ہوا ہے۔پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ نے بتایا کہ دس افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ان کے مطابق 3 ملازمین، 5 حاضرین اور 2بچے شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تمام زخمی محفوظ ہیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی تشخیص کے بعد پتہ چلا کہ ہسپتال کے کمرے کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس واقعے میں ٹکٹ کی کچھ کتابیں اور متعلقہ دستاویزات کو نقصان پہنچا، تاہم آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹرپیوش سانگلہ(ٓئی اے ایس) نے میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال اننت ناگ میں پیش آئے واقعہ کی اے ڈی سی سطح پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔انہوںنے ایک آرڈرجاری کر تے ہوئے کہاکہ شیرباغ ایم سی سی ایچ میں پیش آئے واقعہ کی تحقیقات اے ڈی سی اننت ناگ کریں ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹرپیوش سانگلہ نے زخمیوںکومعقول طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام زخمیوں کے طبی اخراجات انتظامیہ برداشت کرے گی۔










