آپ کی زمین آپ کی نگرانی۔ جموںوکشمیر کے شہریوں کیلئے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی جانب ایک سنگ میل
سری نگر//جموںوکشمیر حکومت نے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے،موجودہ حکمرانی نظام میں مزید شفافیت اور جواب دہی لانے کی خاطر گڈ گورننس کے لئے متعدد اِقدامات کئے ہیں۔اِن اِنتظامی اَصلاحات میں سے ایک زمین ریکارڈ کا ایک جزو’’ آپ کی زمین ،آپ کی نگرانی ‘‘ ڈیجیٹلائزیشن ہے جس کے تحت زمیندار بغیر کسی اِنتظامی رُکاوٹ کے اَپنے زمینی ریکارڈ تک آسانی سے رَسائی حاصل کرسکتے ہیں۔جموںوکشمیر یوٹی نے ڈیجیٹل اِنڈیا لینڈ ریکارڈز ماڈرنائزیشن پروگرام ( ڈی آئی ایل آر ایم پی ) کے تحت عام لوگوں کو اِنتہائی شفاف اور جواب دہ خدمات فراہم کرنے کے لئے ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔لینڈ ریکارڈ سسٹم تک آن لائن رَسائی کو بہتر بنانے اور لینڈ ریکارڈ میں جوڑ توڑ کو روکنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں اپریل 2016ء میں ڈیجیٹل اِنڈیا لینڈ ریکارڈ جدید کاری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیاگیا ہے جس سے سب رجسٹرار آفس اور تحصیل دفاتر میں خدمات کے معیار کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا گیا ہے۔ڈی آئی ایل آر ایم پی کا مقصد زمین کے ریکارڈ کے اِنتظام کو جدید بنانا ہے ۔اِس سے زمین اور جائیداد تنازعات کو کم سے کم کرنا، زمینی ریکارڈ کی دیکھ دیکھ کے نظام میں شفافیت کو بڑھانا اور جموںوکشمیر یوٹی میں غیر منقولہ جائیدادوں کو حتمی طور پر ضمانت شدہ کی طرف بڑھنے میں سہولیت فراہم کرنا ہے۔یونین ٹیریٹری میں پروگرام کی عمل آوری کے حصے کے طور پر ریونیو ریکارڈ کے 7.70 کروڑ صفحات اور 55,216 موسوی (نقشے ) کو سکین کیا گیا ہے ۔ اِس کے علاوہ 3,895 گرائونڈ کنٹرول پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور ویب پر مبنی اَنٹر پرائز جیو اِنفارمیشن سسٹم ( جی آئی ایس ) تیار کیا گیا ہے۔
’’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی‘‘ کے تحت لینڈ پاس بُک کو تین زبانوں ہندی ، اُردو اور انگریزی میں دستیاب کیا جارہا ہے تاکہ لوگ آسانی سے مطلوبہ معلومات حاصل کرسکیں۔محکمہ ریونیو سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو ریونیو پاس بُک جاری کرنے کا یک طریقہ کار تیار کرے جس میں ایک ماہ کے اَندر ان کی تمام قانونی اراضی کی معلومات 26؍ جنوری 2022ء تک باضابطہ طور پر جای کی جائیں ۔یہ عمل جموں اور سری نگر اَضلاع میں 31؍ مارچ 2022 ء تک اور دیگر تمام اضلاع میں 15 ؍اگست 2022ء تک مکمل کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموںوکشمیر کے 20اَضلاع کے لئے ضلعی گڈ گورننس اِنڈکس کے اجرأ کے دوران تنظیم نو کے بعد جموںوکشمیر یوٹی کی طرف سے اُٹھائے گئے دس اقدامات کی فہرست بھی دی تھی جس میں ’’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی ‘‘اور تین زبانوں میں زمینی پاس بُک شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی اِنتظامیہ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ’’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی ‘‘ جیسی سکیم سے مکمل فائدہ اُٹھائیں جس نے جموںوکشمیر یوٹی میں لوگوں کو واقعی بااِختیار بنایا ہے۔اِس کے علاوہ اِنتظامیہ نے محکمہ اِنفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈیجیٹل طور پر منسلک گرام پنچایتوں میں ’’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی‘‘ اقدام کے تحت ریونیو ریکارڈ کی عوامی جانچ کا اہتمام کرے۔










