زمبابوے کی بڑی کامیابی، آسٹریلیا کو 23رنز سے شکست

زمبابوے کی بڑی کامیابی، آسٹریلیا کو 23رنز سے شکست

کولمبو/آئی اے این ایس//فاسٹ بولر بلیسنگ مزرابانی اور بریڈ ایونزکی شاندار بولنگ کی بدولت زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو 19.3 اوورز میں 146 رنز پر آؤٹ کر کے 23 رنز سے ایک یادگار کامیابی حاصل کی۔ یہ مقابلہ بیس اووروں کے عالمی کپ 2026 میں جمعہ کے روز کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ مزرابانی نے چار جبکہ ایونز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 2021 کے عالمی چمپئن آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا واحد نمایاں بیٹر رہے، مگر ان کی 65 رنز کی دلیرانہ اننگز ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ زمبابوے نے اس سے قبل 2007کے پہلے عالمی کپ میں بھی آسٹریلیا کو شکست دی تھی اور اب اس ایونٹ میں اس کے خلاف اپنی دوسری فتح حاصل کر لی ہے۔ 170 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز تباہ کن رہا۔ زمبابوے کے فاسٹ بولروں نے میدان میں موجود ہوا کے اثر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی بیٹرس کو جلد آؤٹ کردیا۔ اوپنر جوش انگلس پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو ئے۔ اگلے اوور میں آل راؤنڈر کیمرون گرین بھی بغیرکوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تیسرے اوور میں ٹم ڈیوڈ بھی صفر پر آؤٹ ہوئے اور مزرابانی نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی۔ دباؤ بڑھنے پر قائم مقام کپتان ٹریوس ہیڈ بھی چوتھے اوور میں 15گیندوں پر17رنز بناکر آؤٹ ہو ئے، جن میں تین چوکے شامل تھے۔
ابتدائی چھ اوورزکے اختتام پر آسٹریلیا کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 38رنز تھا۔ مشکل وقت میں گلین میکسویل نے ذمہ داری سنبھالی اور میٹ رینشا کے ساتھ 77رنزکی شراکت قائم کی۔ رینشا جارحانہ انداز میں کھیل رہے تھے جبکہ میکسویل نے ابتدا میں سنگل اور ڈبل رنز پر توجہ دی۔ پندرہویں اوور میں ریان برل نے میکسویل کو بولڈ کرکے یہ شراکت ختم کردی۔ میکسویل نے 32 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جن میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔ مارکس اسٹوئنس، جو پہلی اننگز کے دوران زخمی ہو ئے تھے، علاج کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے مگر صرف چارگیندوں پر 6رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔ رینشا نے مزاحمت جاری رکھی لیکن دوسرے سرے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 65رنز بنائے، جن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ پوری ٹیم 146رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قبل ازیں ٹاس ہارکر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے نے مقررہ بیس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 169رنز بنائے۔ برائن بینیٹ کی ناقابلِ شکست 64رنزکی اننگز نمایاں رہی۔ اوپنرز برائن بینیٹ اور تاڈیواناشے مارومانی نے عمدہ آغازکرتے ہوئے61 رنزکی شراکت قائم کی۔ آٹھویں اوور میں مارکس اسٹوئنس نے مارومانی کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے21 گیندوں پر35رنز بنائے اور سات چوکے لگائے۔ اس کے بعد برائن بینیٹ نے ریان برل کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان 70رنز کی شراکت قائم ہوئی۔