ریٹرننگ آفیسر سری نگر پارلیمانی حلقہ نے ایس کے آئی سی سی میں ووٹوں کی گنتی کے اِنتظامات کو حتمی شکل دی

سری نگر//ریٹرننگ آفیسر سری نگر پارلیمانی حلقہ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے 4 ؍جون 2024 ء کو سری نگر لوک سبھا نشست کے لئے ووٹوں کی گنتی کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج ایس کے آئی سی سی سنتور کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے کائونٹنگ سینٹر کے اندر اور اس کے آس پاس کئے جانے والے حفاظتی اَقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگرخالد حسین ملک، ایس پی ایسٹ مبشر بخاری، ایڈیشنل ایس پی سیکورٹی محمد سلیم، نوڈل آفیسر ٹریننگ ریاض احمد، نوڈل آفیسر اِی ٹی پی بی ایس مجتبیٰ احمد بانڈے،ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر سری نگر میر امتیاز العزیز اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ریٹرننگ آفیسر نے متعلقہ آفیسر کے ہمراہ کائونٹنگ سینٹر کے اندر اور اردگرد کی گئی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ کائونٹنگ کے عمل کو احسن اور منظم طریقے سے انجام دیا جا سکے۔ریٹرننگ آفیسر نے گنتی کے نتائج کے شفافیت، درستگی اور بروقت اعلان کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی اور حفاظتی اَقدامات، بیٹھنے کے انتظامات، اِی وِی ایم کی ٹرانسپورٹیشن اور کائونٹنگ ہالوں میں تکنیکی سیٹ اَپ کو حتمی شکل دی۔اُنہوں نے مختلف متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سری نگر لوک سبھا نشست کی گنتی سے قبل بلا تعطل بجلی کی فراہمی ، پانی کی مناسب فراہمی ، مناسب اِنٹرنیٹ کی سہولیت ، میڈیا مینجمنٹ ، اَنٹری پاس اور دیگر ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے افسروں سے بات چیت کرتے ہوئے جمہوری اَقدار کے تقدس اور سا لمیت کو برقرار رکھنے کے لئے کائونٹنگ ہالوں ، سٹرانگ روموں ، سی سی ٹی وی لنکس اور اَفرادی قوت کی تربیت کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنتظامات اور سہولیات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ریٹرننگ آفیسر نے یہ بھی کہا کہ گنتی کا عمل ویڈیو ریکارڈنگ کے تحت الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا اور مبصر اور ریٹرننگ آفیسر کے علاوہ کسی کو بھی گنتی کے کمرے کے اندر موبائل فون لے جانے کی اِجازت نہیں ہوگی۔13 ؍مئی 2024 ء کو سری نگر پارلیمانی حلقہ کے لئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اِی وِی ایم کو ایس کے آئی سی سی سی سنتور کے سٹرانگ روم میں تین سطحی حفاظتی حصار میں رکھا گیا ہے۔