dooran

ریشی پورہ، قاضی آباد میں صاف پینے کے پانی کی قلت

لوگ آلودہ پانی پنے پر مجبور ،ڈسٹرکٹ کمشنر، کپواڑہ سے موثر اقدام اٹھانے کا مطالبہ

سرینگر / / شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ریشی پورہ قاضی آباد میں پینے کے پانی کی شدید قلت نے لوگوں کا پریشانیوں میں دھکیل دیا ہے۔اس ضمن میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو تحریری طور بتایا ہے کہ ضلع کپوارہ کے ریشی پورہ قاضی آباد میں لوگوں کو گوناگوں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ان کے گاؤں کو 76 سال سے ٹاپلائن واٹر کی سہولت نصیب نہیں ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا گاؤں تین تحصیلوں بشمول ڈنگی وچھہ،کرالہ گنڈ اور وتر گام کے درمیان واقع ہے اور ان تحاصیل میں یہ واحد گائوں ہے جہاں بیشتر مکین اپنے روزمرہ کے استعمال کے لیے ہینڈ پمپ کے ذریعے زیر زمین پانی پر انحصار کرتے ہیں، جو اکثر آلودہ ہوتا ہے۔ اس وجہ سے گاؤں میں ہیپاٹائٹس (Hepatitis) اور دیگر پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خطرہ لاحق ہے اور مستقل موجود طور ان بیماریوں کا انکشاف بھی ہوتا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف صحت عامہ کے لیے خطرناک ہے بلکہ بچوں اور بزرگوں کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ پیدا کر رہی ہے۔ گاؤں میں نل کے پانی کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مکین روزانہ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے مستقبل میں صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔اس سلسلے میں سرکار اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے گاؤں میں صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ گاؤں کے مکین آلودہ پانی سے محفوظ رہیں اور صحت کے خطرات کم ہوں۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ آپ اس دیرینہ مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔