جموں//کمشنر سیکرٹری مہمان ونوازی و خاطر تواضع محکمہ ریشمی سنگھ نے آج سرنسر میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی جس سے عوام کو ان کے اہم ترین مسائل کو اُجاگر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔ اُن کے ساتھ ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر جموں شیر سنگھ کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔عوامی دربار میں مختلف قسم کے مسائل کو حل کیا گیا جن میں طبی عملے کی ضرورت، بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کے مسائل، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈِی) کے تحت سڑک پروجیکٹوں سمیت مختلف مسائل شامل تھے۔مختلف سکیموں کے تحت فنڈز سے چلنے والے مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اِس کے علاوہ ریشمی سنگھ نے علاقے میں جاری بندروں کے خطرے کا بھی جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری نے کہا،’’یہ عوامی رابطہ پروگرام اِنتظامیہ کو جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور عوامی شکایات کا ان کی دہلیز پر جائزہ لینے میں مدد کرتے ہیں۔ متعلقہ افسران کی طرف سے عوامی مسائل کی باقاعدہ پیروی فوری ازالے کے لئے ضروری ہے اور تمام محکموں کے درمیان بہتر تال میل ہونا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے فیصلہ سازی اور کاموںکے تخمینے میں عوام کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ تمام مطالبات اور شکایات کو ترجیحی اور طریقۂ کار کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم انتہائی اہمیت کے حامل شعبے ہیں اور یہ بہت ضروری ہے کہ عوام کو ان کے حقوق اور ان کے لئے دستیاب مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ریشمی سنگھ نے کہا کہ عوامی دربار اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی ہماری کوششوں کا سنگ بنیاد ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں کہ شہریوں کی آواز سنی جائے اور اُن کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی سی )شیر سنگھ نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام شکایات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے۔ اِنتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور مجموعی طور پر بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بہتر بنانے کے لئے وقف ہے۔‘‘اُنہوں نے حاضرین کو یقین دِلایا کہ تمام شکایات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔اِس تقریب میں چیئرمین بی ڈِی سی کلدیپ راج اور دیگر عوامی نمائندوں کے علاوہ چیف پلاننگ آفیسر اتم سنگھ، تحصیل دار جموں خاص پرمدیپ سنگھ اور بی ڈی او نگروٹہ سمیت دیگر ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔چیئرمین بی ڈی سی کلدیپ راج اور دیگر عوامی نمائندوں نے اِس طرح کے اِستفساری سیشنوں کے اِنعقاد کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی اور شفاف اور جوابدہی کو فروغ دینے ان کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔










