ریاسی میں گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئی ، ڈرائیور جاں بحق، 2 دیگر زخمی

جموں میں مسافر بس کھائی میں جاگری ، 15مسافر زخمی ، علاج کیلئے اسپتال منتقل

سرینگر/ سی این آئی // جموں کے ریاسی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں گاڑی آنے کے بعد ڈرائیور جاں بحق ہو گیا جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے ۔اسی دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹکری ادھم پور کے قریب المناک سڑک حادثے میں کشتواڑ کے رہنے والے ایک ماں اور بیٹے کی موت ہو گئی جبکہ باپ زخمی ہو گیا۔ ادھر جموں کے کلیانہ گاؤں میں بس سڑک سے اتر کر کھیت میں گرنے سے کم از کم 15 مسافر زخمی ہو گئے۔سی این آئی کے مطابق ریاسی ضلع کے مہور میں ملائی نالہ کے قریب تودہ گرنے سے ایک گاڑی اس کے نیچے دب گئی ۔ عین شاہدین کے مطابق ایک مال بردار گاڑی زیر نمبر JK02B-9578سنیچروار کی اعلیٰ الصبح ملائی نالہ میں مٹی کے تودے کی زد میں آگیا۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کے ڈرائیور اور دیگر دو افراد کو فوری طور پر پی ایچ دھرماڑی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ڈرائیور کو مردہ قرار دے دیا۔جاں بحق ڈرائیور کی شناخت شہباز احمد ولد بشیر احمد ساکنہ جملان کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کی شناخت جاوید ولد محمد حسین ساکن کنسولی اور عبدالغنی کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ادھر جموں ضلع کے کلیانہ گاؤں میں ہفتہ کو ایک بس سڑک سے اتر کر ایک کھیت میں گرنے سے کم از کم 15 مسافر زخمی ہو گئے۔حکا م نے بتایا کہ بس ارینہ سے جموں جا رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں سوار تمام 15 مسافر زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر علاج کیلئے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹکری ادھم پور کے قریب ایک المناک سڑک حادثے میں کشتواڑ کے رہنے والے ایک ماں اور بیٹے کی موت ہو گئی جبکہ باپ زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت شفیقہ بیگم زوجہ عبدالکبیر زرگر اور ان کے 33 سالہ بیٹے آصف کبیر زرگر ساکن کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ان کی بلینو کار جموں سے کشتواڑ کی طرف جارہی تھی، کنٹرول کھو بیٹھی اور سڑک کے کنارے دیوار سے ٹکرا گئی۔زخمی عبدالکبیر زرگر ریٹائرڈ این ایچ پی سی جی ایم سی جموں میں زیر علاج ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔