سری نگر//جموںوکشمیر رہبر کھیل ٹیچرس ایسو سی ایشن اور آل جموںوکشمیر رہبر جنگلات ایمپلائز ایسو سی ایشن کے ایک مشترکہ وفد نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔وفد کے اَرکان نے لیفٹیننٹ گورنر کو برطرفی کے خدشے سے متعلق اَپنے مسائل سے آگاہ کیا اور اَپنی خدمات کو ریگولرائز کرنے ، تنخواہوں میں اِضافہ وغیرہ سے متعلق اَپنے مطالبات کا ایک میمورنڈم پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام خدشات اور مسائل کو مناسب طریقے سے دُور کیا جائے گا۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ رہبر کھیل اور رہبر جنگلات کے ملازمین میڈیا میں گردش کرنے والی غلط معلومات سے گمراہ نہ ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا۔’’ حکومت رہبر کھیل اور رہبر جنگلات کے ملازمین کوفارغ نہیں کر رہی ہے ۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے پرنسپل سیکرٹری جی اے ڈی کو ہدایت دی کہ وہ و فد کے پیش کردہ تمام حقیقی خدشات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ منوج کمار دویدی بھی موجود تھے۔










