Farooq abdullah

روس اور یوکرین جنگ کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا:ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر//نئی دلی کی غلط ، غیر سنجیدہ اور غیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کی نوجوان پود کو اپنے مستقبل تاریخ نظر آرہا ہے اور اس صورتحال سے تینوں خطوں کے عوام فکر مند اور تشویش میں مبتلا ہیں۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق فاروق عبد اللہ نے کہا پورے ملک میں بے روزگاری کی سب سے زیادہ شرح جموں و کشمیر میں ہے ۔اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان روزگار کی تلاش میں عمر کی حدیں پار کررہے ہیں لیکن حکومتی سطح پر کاغذی گھوڑے دوڑانے کے سوا اور کچھ نہیں ہورہاہے۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریاں ملنا تو دور کی بات یہاں نجی سیکٹر میں بھی روزگار ملنا اب انتہائی محال ہوگیا ہے کیونکہ 5اگست2019کے بعد برپا کئے گئے حالات سے یہاں کا نجی سیکٹر بھی تباہ و بربار ہوکر رہ گیاہے، گذشتہ 3سال کے دوران یہاں 5لاکھ سے زیادہ لوگ اپنے روزگار سے محروم ہوگئے ۔بے روزگاری اور بے کاری کا عالم یہ ہے کہ نوجوان پود خصوصاً اعلیٰ تعلیم یافتہ بچے ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ہیں اور بہت سارے نوجوانوں مایوسی کے عالم میں منشیات اور دیگر برے کاموں کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموںوکشمیر کے نوجوانوں کی اس صورتحال کی ذمہ داری نئی دلی پر عائد ہوتی ہے۔ منشیات کے استعمال کا گراف ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھتا ہی جارہاہے اور حکومتی سطح پر اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے کوئی بھی ٹھوس اور کارگر اقدام نہیں اُٹھایا جارہاہے۔ صدرِ نیشنل کانفرنس نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو منشیات اور دیگر برے کاموں سے دور رکھنے کیلئے خود آگے آئیں اور اپنے بچوں کو کسی بھی صورت میں ان برے کاموں کی طرف راغب ہونے سے روکیں۔ انہوں نے علمائے کرام اور ایمہ مساجد سے اپیل کی وہ منشیات اور دیگر سماجی بدعات کی روک تھام کیلئے اپنا رول نبھائیں۔ یوکرین میں جاری جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس جنگ کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑے گا اور پورے دنیا کی غریب عوام پس کر رہ جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے پہلے ہی غریبوں کی کمر توڑ کر رکھ دی تھی اور اب یہ جنگ غریبوںکو مزید دباکو چھوڑے گی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تمام ممالک کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ جنگ کو روکنے کیلئے اپنا کردار نبھائیں اور ساتھ ہی روس اور یوکرین کے صدور سے اپیل کی کہ جنگ بندی کا اعلان کرکے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل کریں کیونکہ جنگ و جدل سے تباہی اور بربادی کے سوا اور کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سونہ وار جاکر بخشی خاندان کے معروف تاجر اور سیاسی و سماجی شخصیت الحاج محمد یوسف بخشی ، جو گذشتہ دنوںدلی میں فوت ہوئے تھے، کے لواحقین کیساتھ تعزیت کی۔ اس کے علاوہ انہوں ںے میاں غلام محی الدین ساکن سونہ وار کے گھر جاکر بھی تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی، جن کی اہلیہ انتقال کر گئی تھیں۔ دونوں جگہوں پر کلمات اور دعائے مغفرت بھی ادا کیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے محمد یوسف بخشی کے برادر غلام حسن بخشی اور میاں غلام محی الدین کے فرزند نسبتی ڈاکٹر خورشید احمد کیساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا۔