ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین میں “بہادری سے فوجی ڈیوٹی انجام دینے” کا ذکر کرتے ہوئے ملک کی خصوصی افواج کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ولادیمیر پوتن نے ٹیلیویژن خطاب میں “روس کے عوام اور عظیم مادر وطن کے لیے ان کی قابل ذکر خدمات” کی تعریف کی۔ اس خطاب کو روسی صدارتی محل کریملن کی ویب سائٹ پر بھی شائع کیا گیا ہے۔بی بی سی نے بتایا کہ ولادیمیر پوتن نے مشرقی یوکرین میں باغیوں کے زیر قبضہ دو علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کو ‘ڈون باس ریپبلک’ کو امداد فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ روس نے اپنے حملے سے قبل دونوں خطوں کو آزاد ممالک کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
ولادیمیر پوتن نے کہا کہ میں کمانڈ، اسپیشل آپریشن فورسز کے اہلکاروں، اسپیشل فورسز یونٹس کے سابق فوجیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے روس کے عوام اور ہمارے عظیم مادر وطن کے حلف کے مطابق وفاداری کا اظہار کیا۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے اپنے خطاب کا اختتام کیا، “میں آپ کو اور آپ کے چاہنے والوں کو نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں”۔










