Kashmiri Sun-Dried Vegetables

روایات،ذائقہ اور ضرورت:سردی کی شدت کے ساتھ’ ہوکھ سیون ‘کی واپسی

گھریلو باورچی خانوں میں روایتی خوراک پھر توجہ کا مرکز

سرینگر// یو این ایس//کشمیر میں سرد موسمی حالات کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی گھریلو باورچی خانوں میں روایتی خوراک نے ایک بار پھر اپنی جگہ بنانا شروع کر دی ہے۔ سردی کے باعث تازہ سبزیوں کی قیمتوں اور دستیابی میں کمی آنے کے بعد عوام کی توجہ دوبارہ سوکھی سبزیوں اور دالوں کی جانب مبذول ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی بازاروں میں نمایاں تجارتی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔شہر سرینگر کے لالچوک، مہاراج بازار، ککر بازار، کورٹ روڈ، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، سرائے بالا، درگجن، ڈلگیٹ،بہوری کدل،خانیار،معاراج گنج سمیت دیگر علاقوں میں سوکھی سبزیوں کی ریڑھیاں اور دکانیں خریداروں سے بھری نظر آئیں۔ بازاروں میں روایتی کشمیری سوکھی سبزیاں، جنہیں مقامی زبان میں ’ہوکھ سیون’‘ کہا جاتا ہے، خاصی مانگ میں ہیں۔خریداروں کی جانب سے روانگن ہچہ (سوکھے ٹماٹر)، وانگن ہچہ (سوکھے بینگن)، آلہ ہچ (سوکھے کدو)، گوگجہ آراہ (سوکھے شلغم)، ٹنگہ ہچہ (سوکھے ناشپاتی) اور ڑونٹ ہچہ (سوکھے سیب) کے علاوہ مختلف اقسام کی دالیں اور سوکھی مچھلی جیسے ہوکھ گاڈ،گُرن، فریہ اور پچہ گاڈ بڑے پیمانے پر خریدی جا رہی ہیں۔تاجروں کے مطابق یہ سبزیاں قدرتی طریقے سے دھوپ میں سکھا کر محفوظ کی جاتی ہیں تاکہ سرد موسم کے دوران آسانی سے استعمال کی جا سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات میں نہ صرف فروخت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ آئندہ دنوں میں طلب مزید بڑھنے کی توقع ہے۔لالچوک میں کاروبار سے وابستہ ایک دکاندار محمد یونس نے بتایا کہ سردیوں میں سوکھی سبزیاں گھریلو اخراجات کو متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہیں کیونکہ تازہ سبزیاں اس دوران مہنگی ہو جاتی ہیں۔ ان کے مطابق شہری خاص طور پر روایتی کشمیری پکوانوں کے لیے ان اشیاء کو ترجیح دے رہے ہیں۔خریداری کے لیے آئی ایک خاتون شمشادہ نے کہا کہ سوکھی سبزیاں ان کے گھر کی خوراک کا لازمی حصہ ہیں۔ ان کے مطابق یہ سبزیاں نہ صرف ذائقے میں منفرد ہوتی ہیں بلکہ کشمیری ثقافت اور روایات سے جڑی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے وہ ہر سال سردیوں میں انہیں ضرور ذخیرہ کرتی ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سوکھی سبزیاں نمی سے پاک ہونے کے باعث دیرپا ہوتی ہیں اور بعض موسمی بیماریوں سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے سرد موسم میں ان کے استعمال کا رجحان نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔مجموعی طور پر موجودہ سرد موسمی حالات نے وادی میں سوکھی سبزیوں کے کاروبار کو ایک بار پھر عروج بخش دیا ہے، جہاں روایات، ذائقہ اور ضرورت تینوں ایک ساتھ بازاروں میں جھلکتے نظر آ رہے ہیں۔