اتوار کو وادی میں پیٹرول 110:65روپے پر اٹکی

رواں سال اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 65 بار بڑھائی گئیں: کانگریس

جموں//کانگریس کی قومی ترجمان راگنی نائک نے کہا کہ مودی حکومت نے رواں سال اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 65 بار بڑھائی ہیں۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔راگنی نائک نے کہا: ‘مودی جی نے رواں سال اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 65 بار بڑھائی ہیں۔انہوں نے کہا: ‘جب یو پی اے کی سرکار تھی تو بین الاقوامی بازار میں خام تیل فی بیرل کی قیمت 108 ڈالر تھی۔ تب ہمارے ملک میں پیٹرول کی قیمت 71 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 57 روپے فی لیٹر تھی۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘لیکن آج بین الاقوامی بازار میں فی بیرل کی قیمت محض 45 سے 50 ڈالر ہے لیکن ہمارے ہاں لوگوں سے پیٹرول فی لیٹر کی قیمت 100 سے زیادہ لی جا رہی ہے۔راگنی نائک نے بی جے پی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا: ‘بہت بڑی بڑی باتیں کی گئی تھیں۔ بہت بڑے وعدے کئے گئے تھے۔ “بہت ہو گئی مہنگائی کی مار، مودی ہے تو ممکن ہے” یہ سبھی نعرے نریندر مودی نے سنہ 2014 میں دہلی کے تخت پر بیٹھنے کے لئے دیے تھے۔انہوں نے کہا: ‘وہ وعدے آج کہیں نہ کہیں کھوکھلے پڑ گئے ہیں، بے معنی پڑ گئے ہیں۔ مودی کے راج میں صرف اور صرف مہنگائی ہے۔ کمائی ٹھپ ہے۔ مہنگائی کی عروج اور کمائی کا زوال جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘پچھلے سال صرف دو ماہ یعنی اپریل اور مئی میں دو کروڑ نوکریاں چلی گئیں۔ مودی سرکار نے پچھلے سات سال کے دوران ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 25 لاکھ کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔