editorial

رمضان:روحانیت اور خدمت

جموں و کشمیر میں مقدس ماہِ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی فضا روحانیت اور عقیدت سے معطر ہو گئی ہے۔ وادی کے بازاروں اور منڈیوں میں غیر معمولی چہل پہل دیکھی جا رہی ہے جہاں نوجوانوں سے لے کر بزرگوں تک سب اس بابرکت مہینے کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کھجوریں، تخمِ بالنگا، پھل اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی خریداری عروج پر ہے تاکہ افطار و سحر کا اہتمام بہتر انداز میں کیا جا سکے۔حکومت نے بھی عوامی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ بجلی اور پانی کی مسلسل سپلائی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی، بازاروں کی نگرانی اور صحت عامہ کی تیاریوں کو اولین ترجیح دی جائے۔ پانی کی قلت والے علاقوں میں ٹینکروں کی تعیناتی اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر اہم مساجد اور اجتماعاتی مقامات پر اضافی نگرانی، پیٹرولنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنایا گیا ہے۔تاہم رمضان محض کھانے پینے یا ظاہری تیاریوں کا نام نہیں بلکہ یہ صبر، ہمدردی اور احتسابِ نفس کا مہینہ ہے۔ اصل روح یہ ہے کہ ہم ضرورت مندوں کا خیال رکھیں، سفید پوش افراد کی مدد کریں اور صدقہ و خیرات کے ذریعے معاشرتی مساوات کو فروغ دیں۔ محلّہ کمیٹیوں اور فلاحی اداروں کو چاہیے کہ مستحقین تک براہِ راست پہنچ کر حقیقی خدمت انجام دیں، جبکہ جعلی تنظیموں سے ہوشیار رہنا بھی ضروری ہے۔ آئیے اس رمضان کو ایثار اور خدمت کا عملی پیغام بنائیں۔