رشوت خوری کے خاتمہ کیلئے انسداد رشوت ستانی بیور کی سرگرمیوں میں تیزی

رام بن میں پٹواری 2500 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

سرینگر//جموں و کشمیر انسدادِ رشوت ستانی بیورو (ACB) نے ضلع رامبن کے پوگل پریستان علاقے کے پٹواری مظمل سلام کو 2500 روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔وائس آف انڈیا کے مطابق انسدادِ رشوت ستانی بیورو کو ایک شہری کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ اس نے تحصیلدار اْکھرال کے دفتر میں اپنے والد کے نام کی اصلاح کے لیے درخواست دی تھی، جو ریونیو ریکارڈ میں غلط درج تھا۔ تحصیلدار نے مذکورہ درخواست پر کارروائی کے لیے پٹواری مظمل سلام کو ہدایت دی تھی، تاہم پٹواری نے اس کام کے بدلے 20 ہزار روپے رشوت طلب کی۔ شکایت کنندہ کے مطابق طویل گفت و شنید کے بعد پٹواری نے 2500 روپے پر رضامندی ظاہر کی۔شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ رشوت ستانی بیورو سے رجوع کیا۔ بیورو نے ابتدائی تصدیق کے بعد رشوت طلبی کی تصدیق کی، جس کے بعد تھانہ ACB ڈوڈہ میں پی سی ایکٹ 1988 (ترمیم شدہ 2018) کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر نمبر 03/2025 درج کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔تحقیقات کے دوران ایک گزیٹیڈ افسر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیاب منصوبہ بندی کے تحت مظمل سلام ولد سلام الدین شاہ، ساکن کسکوٹ، تحصیل بانہال، ضلع رامبن کو رنگے ہاتھوں 2500 روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے وقت آزاد گواہوں کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیا۔پٹواری مظمل سلام کو موقع پر ہی قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا اور رشوت کی رقم اس کے قبضے سے برآمد کر لی گئی۔ بیورو کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔