خصوصی جج اینٹی کرپشن بارہمولہ نے مسترد کر دی
سرینگر // بارہمولہ کی عدالت نے رشوت خوری میں ملوث نائب تحصیلدار کی ضمانتی عرضی مستر دکر دی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق خصوصی جج اینٹی کرپشن بارہمولہ امرجیت سنگھ لنگیہ نے الطاف حسین خان، نائب تحصیلدار اوڑی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی، جسے اینٹی کرپشن بیورو نے 50000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔کیس کی شنوائی کے دوران عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا ’’اب تک کی گئی تحقیقات واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ اگرچہ پہلی نظر میں نائب تحصیلداراوڑی کی حیثیت میں، درخواست گزار نے اس معاملے میں شکایت کنندہ سے رشوت طلب کی اور اسے قبول کر لیا۔کیس میں اب تک جمع کیے گئے شواہد کے مطابق 50ہزار روپے کی رقم کا مطالبہ کیا‘‘۔ اس پہلو کو تفتیشی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں تفصیل سے بیان کیا ہے۔ ابتدائی طور پر، کہا جاتا ہے کہ درخواست گزار سے آمدنی کے نچوڑ اور رپورٹ کی تیاری کیلئے رشوت کے طور پر 10 لاکھ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ آخر کارپہلی قسط 50ہزار روپے کے طور پر طے کی گئی، عدالت نے مزید مشاہدہ کرتے ہوئے کہا’’یہ بہت برا ہے اور شائد اس بات کو دہرانے کی ضرورت نہیں ہے کہ بدعنوانی نہ صرف انسانیت کے خلاف لعنت ہے، بلکہ یہ ایک گہرا جرم بھی ہے‘‘۔عدالت نے کہا کہ الزام کی نوعیت، اب تک جمع کیے گئے شواہد کا کردار، سزا کی شدت جس میں سزا دی جائے گی، درخواست گزار کیلئے مخصوص حالات اور عوام کے وسیع تر مفاد میں وہ حالات ہیں جو درخواست گزار کے خلاف انتہائی سنجیدہ ہیں۔ اس دوران عدالت نے مشاہدہ کیا کہ اس حالت میں ضمانت دینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے اور انہوں نے اس طرح سے اس ضمانتی عرضی کو مسترد کرد یا ۔










