manooj sinha

را م بن آفت متاثرین کو چھ ماہ میں 189 مکانات ملیں گے: ایل جی منوج سنہا

گھروں کے ساتھ 15 سالہ انشورنس، طبی سہولیات اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم ہوگی

سرینگر//وی او آئی//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو رام بن ضلع کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل رہائش فراہم کرنے کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو سرکاری قواعد کے مطابق راحت اور ریسکیو فراہم کیا ہے، تاہم گھروں کی تعمیر نو کے لیے صرف سرکاری امداد کافی نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایچ آر ڈی ایس تنظیم کے تعاون سے رامبن کے 189 متاثرہ خاندانوں کو تین کمروں پر مشتمل مکانات ا?ئندہ چھ ماہ میں فراہم کیے جائیں گے۔ ان گھروں کے ساتھ 15 سالہ انشورنس پالیسی، صحت کی جانچ اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بھی دی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ سنہا نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اگر کوئی متاثرہ یا غریب خاندان ابتدائی فہرست میں شامل نہ ہو پایا ہو تو اسے بھی اس اسکیم میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے ایچ آر ڈی ایس تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مدد سے بحالی کے اقدامات ممکن ہو رہے ہیں۔ایل جی نے مزید بتایا کہ اسی نوعیت کے منصوبے دیگر متاثرہ اضلاع، بشمول راجوری اور اْدھمپور میں بھی جاری ہیں اور جموں و کشمیر بھر میں متاثرہ خاندانوں کے لیے مکانات کی تعمیر حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج رامبن میں شروع کی گئی یہ پہل ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ سیلاب اور بھوسکھلن سے متاثرہ تمام خاندانوں کو محفوظ اور مستقل رہائش فراہم کی جائے۔ انتظامیہ اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ بحالی کا کام موثر طریقے سے مکمل ہو اور تمام مستحقین اپنی زندگی باوقار انداز میں دوبارہ شروع کر سکیں۔