جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ کی نظریں روایتی طاقتوں کوزیر کرنے پر مرکوز
سرینگر//یو این ایس//پہلی مرتبہ رانجی ٹرافی کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیمیں جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ اتوار سے شروع ہونے والے سیمی فائنلوںمیں بالترتیب بنگال اور کرناٹکجیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف اپنی شاندار مہم کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گی۔یو این ایس کے مطابق جموں و کشمیر نے اندور میں مدھیہ پردیش کو 56 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی اور پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جو 1959-60 میں ڈیبیو کے بعد ٹورنامنٹ میں ان کی سب سے بڑی پیش رفت ہے۔ اس کامیابی کے معمار فاسٹ بولرعاقب نبی رہے، جنہوں نے میچ میں 110 رنز کے عوض 12 وکٹیں حاصل کیں۔یو این ایس کے مطابق عاقب نبی اس سیزن میں اب تک 46 وکٹیں لے چکے ہیں، جبکہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز سنیل کمار نے 22 وکٹوں کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔بلے بازی میںعبدالصمد 543 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ تجربہ کار کپتان پارس ڈوگرا نے 484 رنز بنا کر مشکل حالات میں ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا ہے۔سیمی فائنل میں جموں و کشمیر کا سامنا میزبان بنگال سے ہوگا، جس کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے۔ کوارٹر فائنل میں سدیپ کمار گھرامی کی شاندار 299 رنز کی اننگز کی بدولت بنگال نے آندھرا کو ایک اننگز اور 90 رنز سے شکست دی۔ گھرامی اس سیزن میں 651 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ سمتا گپتا، انوستوپ مجمدار اور ابھیمنیو ایشورن نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔بنگال کی بولنگ بھی خاصی مؤثر رہی ہے، جہاں شاہباز احمد 39 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں، جبکہ محمد شامی، آکاش دیپ اور مکیش کمار پر مشتمل تیز رفتار حملہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ مقابلہ بنگال کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں بنگال کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہوگا۔دوسرا سیمی فائنل لکھنؤ کے ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں اتراکھنڈ کا مقابلہ آٹھ مرتبہ کے چیمپئن کرناٹک سے ہوگا۔ اتراکھنڈ نے جمشیدپور میں جھارکھنڈ کو ایک اننگز اور 6 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ کرناٹک نے دفاعی چیمپئن ممبئی کو چار وکٹوں سے ہرا کر اپنی برتری ثابت کی۔اتراکھنڈ کے لیے اسپنر مایانک مشرا نے 52 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آل راؤنڈر جگدیشا سوچت نے 25 وکٹیں لینے کے ساتھ 414 رنز بھی بنائے ہیں، جبکہ کپتان کنال چندیلا 709 رنز کے ساتھ شاندار فارم میں ہیں۔کرناٹک کی ٹیم نویں رانجی خطاب کی تلاش میں ہے۔ کے ایل راہل، مایانک اگروال، دیودت پڈیکل، اسمرن روی چندرن اور کرون نائر جیسی مضبوط بیٹنگ لائن کے ساتھ کرناٹک ایک مکمل ٹیم کے طور پر میدان میں اترے گا۔ بولنگ میں شریاس گوپال، ودھوتھ کاویراپا اور شکھر شیٹی کے ساتھ پرسدھ کرشنا کی موجودگی اسے مزید طاقتور بناتی ہے۔اگرچہ کاغذوں پر بنگال اور کرناٹک کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ نے اس سیزن میں جس نظم و ضبط، اعتماد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے دونوں سیمی فائنلز کو غیر معمولی حد تک سنسنی خیز بنا دیا ہے۔










