رانا نے کالا بن لینڈ سلائیڈ متاثرین کیلئے بحالی کے اقدامات کا جائیزہ لیا

رانا نے کالا بن لینڈ سلائیڈ متاثرین کیلئے بحالی کے اقدامات کا جائیزہ لیا

مینڈھر//وزیر مسٹر جاوید احمد رانا نےمینڈھر میں سب ڈویژنل عملے کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تا کہ کالا بن میں حالیہ لینڈ سلائیڈ کے متاثرین کیلئے جاری امدادی اور بحالی کے اقدامات کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ جائیزے کے دوران وزیر نے تمام نقصانات کے جامع اور شفاف جائیزے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان نظر انداز نہ ہو اور جائیزہ عمل منصفانہ ، درست اور جامع رہے ۔ وزیر نے کہا ’’ حکومت اس سانحے سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے ۔ ہماری اولین ترجیح بروقت ، مناسب اور منصفانہ بحالی کی حمایت کویقینی بنانا ہے ۔ ‘‘ مسٹر رانا نے انتظامی افسران اور امدادی ٹیموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ کوششوں کو ہموار کیا جا سکے ۔ انہوں نے معاوضے کے تجاویز اور طویل مدتی بحالی کے منصوبوں کی تیاری کو تیز کرنے کی ہدایت دی ۔ مسٹر رانا نے فوری فالو اپ اقدامات اور عملدرآمد کی نگرانی کیلئے باقاعدہ پیش رفت کے جائیزوں کے قیام کی واضح ہدایات جاری کیں ۔ وزیر نے دوہرایا کہ تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام متاثرہ خاندانوں کو بغیر کسی بیوروکریٹک رکاوٹوں کے وہ امداد ملنی چاہئیے جس کے وہ مستحق ہیں ۔