سرینگر //وزیر برائے جل شکتی مسٹر جاوید احمد رانا نے مہجور نگر سرینگر میں روزانہ 1.125 ملین گیلن ( ایم جی ڈی ) ریپڈ سینڈ فلٹریشن واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ( ڈبلیو ٹی پی ) کا معائینہ کیا ۔ ایم ایل اے احسن پردیسی اور محکمہ کے سینئر افسران کے ہمراہ وزیر نے پلانٹ کی کارروائیوں ، ٹریٹمنٹ کیپیسٹی ، اور سروس کی فراہمی کے طریقی کار کا جائیزہ لیا ۔ معائینہ کے دوران وزیر نے پانی کے مستقل معیار اور موثر تقسیم کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے فیلڈ عملے اور انجینئروں کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ شہر کی بڑھتی آبادی کی ضروریات کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی صلاحیت کو پورا کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر نے پادشاہی باغ میں واٹر سپلائی اسکیم ( ڈبلیو ایس ایس ) کے کام کا بھی جائیزہ لیا جو فی الحال تقریباً 35 ہزار رہائشیوں کی آبادی کی پانی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے ۔ وزیر نے نئے 2.00 ایم جی ڈی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے ذریعے ڈبلیو ایس ایس کو بڑھاوا دینے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ مسٹر رانا نے کہا کہ عمر عبداللہ کی سربراہی میں حکومت ہر گھر کو پینے کے صاف اور مناسب پانی کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے ۔ معائینہ کے دوران چیف انجینئر پی ایچ ای ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر پی ایچ ای ، ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر تکنیکی عملہ موجود تھے ۔










