رانا نے سیتلی ، کریانی تالاب ، سنٹرل پمپنگ اسٹیشن نروال کا اچانک دورہ کیا

لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پانی کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی ہدایت

جموں//جل شکتی ، قبائلی امور ، جنگلات اور ماحولیات کے وزیر جاوید احمد رانا نے آج نگروٹہ میں سیتلی فلٹریشن پلانٹ کا اچانک دورہ کیا اور جموں شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے پریمیئر تنصیب کے کام کاج کا معائینہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر نے پانی کی سہولیات اور جموں شہر کیلئے پانی کی فراہمی کی دستیابی کا جائیزہ لیا ۔ مسٹر جاوید رانا نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پانی کی باقاعدگی سے جانچ کی ہدایت دی ۔ وزیر نے کریانی تالاب میں ٹیوب ویل اور نروال میں اوور ہیڈ ٹینک کا بھی معائینہ کیا ۔ کریانی تالاب کے دورے کے دوران مسٹر رانا نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان سے پانی کی سپلائی کے بارے میں رائے لی ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کریں ، مقامی لوگوں کی رائے حاصل کریں اور فوری کارروائی کریں ۔ مسٹر جاوید رانا نے چیف انجینئر کو وادی چناب اور پیر پنجال کے علاقے کا دورہ کرنے اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ افسرا اپنی ذمہ داریاں پوری احتیاط اور خلوص نیت سے انجام دیں تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔